سیکیورٹی فورسز کا بلوچستان کے ضلع خضدار میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ، بارودی مواد سے بھری دو گاڑیاں تباہ ،چار دہشت گرد ہلاک

"سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع خضدار میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، جس کے دوران بارودی مواد سے بھری دو گاڑیاں تباہ کر دی گئیں جبکہ چار دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔”

راولپنڈی ۔30جولائی (اے پی پی):سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع خضدار میں بھارتی پراکسی فتنہ الہندستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، جس کے دوران بارودی مواد سے بھری دو گاڑیاں تباہ کر دی گئیں جبکہ چار دہشت گرد ہلاک کر دیئے گئے۔

جمعرات کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر )سے جاری بیان کے مطابق آپریشن کے دوران بارودی مواد سے لدی دو گاڑیوں، جنہیں وہیکل بورن امپرووائزڈ ایکسپلوسیو ڈیوائسز کے طور پر تیار کیا گیا تھاانہیں اور ان کے ساتھ موجود دہشت گردوں کی نقل و حرکت کو بروقت روک لیا گیا۔ سکیورٹی فورسز کی فوری اور موثر کارروائی کے نتیجے میں دونوں بارودی گاڑیاں کامیابی سے تباہ کر دی گئیں جبکہ انہیں چلانے والے بھارت کے حمایت یافتہ چار دہشت گرد بھی ہلاک کر دئیے گئے۔علاقے میں موجود کسی بھی دوسرے بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد کے خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سرچ آپریشن جاری ہے۔وفاقی ایپکس کمیٹی برائے نیشنل ایکشن پلان کی منظوری سے شروع کیے گئے وژن عزمِ استحکام کے تحت پاکستان کی سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دہشت گردی کے خلاف بلاامتیاز مہم پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گی تاکہ ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔

مزید خبریں