"وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان کے ضلع خضدار میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور بروقت کارروائی کو سراہا ہے۔”
وزیراعظم محمد شہباز شریف کا بلوچستان کے ضلع خضدار میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین

مزید خبریں
اسلام آباد۔30جولائی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان کے ضلع خضدار میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے ۔
جمعرات کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے خضدار میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران چار دہشت گردوں کو ہلاک کرنے اور بارودی مواد سے بھری دو گاڑیوں کو بروقت تباہ کرکے ایک بڑے دہشت گرد منصوبے کو ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت، جرات اور بروقت کارروائی کو سراہا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی پھیلانے کی ہر مذموم کوشش کو ناکام بنایا جائے گا۔ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہیں ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پوری قوم اپنی بہادر سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے اور وطنِ عزیز کے امن، استحکام اور سلامتی کے لیے ان کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے







