حکومت سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کر رہی ہے،وزیراعلی مریم نواز

"وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب ہر قسم کی مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور حکومت سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کر رہی ہے۔”

لاہور۔3اگست (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب ہر قسم کی مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور حکومت سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کر رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز اوورسیز پاکستانیز فائونڈیشن (او پی ایف) کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں چیئرمین او پی ایف سید قمر رضا نے وزیراعلی کو گرین انڈسٹریل اکنامک زون کے قیام کے منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی۔ملاقات میں او پی ایف اور گرین انرجی گروپ کے اشتراک سے پنجاب میں جدید گرین اکنامک زون قائم کرنے کی تجویز پیش کی گئی،جس پر وزیراعلی مریم نواز شریف نے اصولی آمادگی کا اظہار کرتے ہوئے اس پر عملدرآمد کے لیے جامع ایکشن پلان طلب کر لیا۔اس موقع پر مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے خصوصی مراعاتی پیکج کا بھی اعلان کیا گیا۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ مجوزہ گرین انڈسٹریل اکنامک زون کے قیام سے 18 ہزار سے زائد افراد کو جدید روزگار کے مواقع میسر آئیں گے جبکہ سالانہ5.6 ارب روپے آمدن متوقع ہے۔منصوبے کے تحت سولر، ونڈ، ہائیڈرو، گرانڈ سورس انرجی، بیٹری اسٹوریج اور ایچ وی او بیک اپ سسٹمز پر مشتمل جدید کلین انرجی انفراسٹرکچر قائم کیا جائے گا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ماحول دوست مصنوعات کی برآمدات سے ملکی مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) میں1.5 فیصد تک اضافے اور علاقائی معیشت کو نمایاں تقویت ملنے کی توقع ہےجبکہ جدید کلین انرجی نظام کے ذریعے کاربن کے اخراج میں کمی اور نیٹ زیرو اہداف کے حصول میں بھی مدد ملے گی۔وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب میں تمام نئے کاروبار اور صنعتوں کے آغاز کے لیے ’’زیرو ٹائم ٹو سٹارٹ‘‘ پالیسی نافذ کر دی گئی ہے۔سرمایہ کاروں کی سہولت کے لیے ون ونڈو آپریشن کے تحت تمام این او سیز کی بروقت فراہمی کا موثر نظام قائم کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سرمایہ کاروں کو انتظامی اور بیوروکریٹک رکاوٹوں سے پاک،محفوظ اور پرامن کاروباری ماحول فراہم کیا جا رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب کا عزم ہے کہ صوبے کو جدید گرین انڈسٹری اور تجارتی سرگرمیوں کا عالمی مرکز بنایا جائے۔