پولیس لائن مردان میں بلڈ ڈونیشن کیمپ کا افتتاح، 100 بیگ خون کا عطیہ

"ہفتہ شہدائے پولیس کے سلسلے میں مردان پولیس کے زیرِ اہتمام پولیس لائن مردان میں بلڈ ڈونیشن کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جس کا افتتاح ضلعی پولیس سربراہ مردان مسعود احمد نے کیا۔”

پشاور۔ 04 اگست (اے پی پی):ہفتہ شہدائے پولیس کے سلسلے میں مردان پولیس کے زیرِ اہتمام پولیس لائن مردان میں بلڈ ڈونیشن کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔تر جمان مردان پولیس کے مطابق کیمپ کا افتتاح بدست ضلعی پولیس سربراہ مردان مسعود احمد نے کیا۔

بلڈ ڈونیشن کیمپ میں پولیس افسران، جوانوں، شہدائے پولیس کے اہلِ خانہ اور شہریوں نےشرکت کرتے ہوئے 100 بیگ خون عطیہ کیا اور شہدائے پولیس کی لازوال قربانیوں کو عملی طور پر خراجِ عقیدت پیش کیا۔اس موقع پر ضلعی پولیس سربراہ مسعود احمد نے کہا کہ شہدائے پولیس کی عظیم قربانیاں قوم کا سرمایہ افتخار ہیں۔ ان کا ایثار، جرات اور جذبہ خدمت پوری پولیس فورس کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ خون کا عطیہ انسانیت کی خدمت کے ساتھ ساتھ شہدائے پولیس کے مشن سے تجدیدِ عہد کی عملی علامت بھی ہے۔تقریب کے اختتام پر شہدائے پولیس کے درجات کی بلندی، ان کے اہلِ خانہ کے لیے صبرِ جمیل، ملک میں پائیدار امن و امان اور پاکستان کی سلامتی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

مزید خبریں