رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی کو کینیڈا میں منعقدہ دھنتیرس گالا 2026 کی تقریب میں گلوبل ہندو ایوارڈ 2026 سے نوازا گیا
رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی کو کینیڈا میں منعقدہ دھنتیرس گالا 2026 کی تقریب میں گلوبل ہندو ایوارڈ 2026 سے نوازا گیا

مزید خبریں
اسلام آباد۔4اگست (اے پی پی):پاکستان ہندو کونسل کے سرپرست اعلیٰ اور قومی اسمبلی کے رکن ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی کو کینیڈا کے شہر کیلگری، صوبہ البرٹا میں منعقدہ دھنتیرس گالا 2026 کی تقریب میں گلوبل ہندو ایوارڈ 2026 سے نوازا گیا۔ جاری پریس ریلیز کے مطابق ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی ہیں جنہیں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ، بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ اور انسانیت کی خدمت کے اعتراف میں یہ بین الاقوامی ایوارڈ دیا گیا۔
تقریب میں کینیڈا بھر سے سیاسی رہنمائوں، سفارتکاروں، کاروباری شخصیات، کمیونٹی نمائندوں اور دیگر معزز مہمانوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر کینیڈا کے وزیر اعظم مارک کارنی نے ہندو برادری کی سماجی، ثقافتی اور معاشی شعبوں میں خدمات کو سراہا جبکہ البرٹا کی پریمیئر ڈینیل سمتھ، قائد حزب اختلاف پیئر پوئیلیور، اونٹاریو اور سسکیچیوان کے پریمیئرز سمیت دیگر رہنمائوں نے بھی ہندو کمیونٹی کے کردار کو خراج تحسین پیش کیا۔ ایوارڈ وصول کرنے کے بعد اپنے خطاب میں ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے یہ اعزاز پاکستان کی ہندو برادری اور ان تمام افراد کے نام منسوب کیا جنہوں نے خدمت انسانیت کے مشن میں ان کا ساتھ دیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ اعزاز صرف ان کی ذات کا نہیں بلکہ پاکستان کی ہندو برادری کی امن پسندی، مثبت کردار اور قومی خدمات کا اعتراف ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہندو کونسل کے تحت تعلیم، صحت، ہنرمندی، یتیموں، خصوصی بچوں، بزرگوں اور دیگر مستحق طبقات کی فلاح و بہبود کے متعدد منصوبوں پر کام جاری ہے۔ انہوں نے اسلام کوٹ، تھرپارکر میں زیر تعمیر 150 ایکڑ پر مشتمل ماڈل فلاحی بستی ’’پریم نگر، دی لینڈ آف لو‘‘ کا بھی ذکر کیا۔
ڈاکٹر وانکوانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ موجودہ پاکستان کی سرزمین قدیم ہندو تہذیب اور روحانی ورثے کا اہم مرکز رہی ہے اور یہاں ہندو مذہب کے متعدد مقدس مقامات موجود ہیں۔ انہوں نے دنیا بھر سے ہندو یاتریوں کو ہنگلاج ماتا مندر، کٹاس راج، ٹیری مندر، ملتان کے تاریخی پرہلاد مندر اور دیگر مقدس مقامات کی یاترا کی دعوت دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس سے مختلف مذاہب کے ماننے والوں کے درمیان امن، احترام اور بین المذاہب ہم آہنگی کو مزید فروغ ملے گا۔انہوں نے تقریب کے اختتام پر کینیڈین ہندو چیمبر آف کامرس کو دھنتیرس گالا 2026 کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد بھی پیش کی۔








