آئی ایم سی بی آئی ایٹ تھری میں نمایاں پوزیشن ہولڈرز کے اعزاز میں تقریب، نقد انعامات اور کروم بکس تقسیم

اسلام آباد ماڈل کالج فار بوائز سیکٹر آئی ایٹ تھری میں فیڈرل بورڈ،میٹرک کے سالانہ امتحان میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ کے اعزاز میں تقریبِ تقسیمِ انعامات کا انعقاد کیا گیا۔

اسلام آباد۔4اگست (اے پی پی):اسلام آباد ماڈل کالج فار بوائز سیکٹر آئی ایٹ تھری میں فیڈرل بورڈ،میٹرک کے سالانہ امتحان میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ کے اعزاز میں تقریبِ تقسیمِ انعامات کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب میں ایک ہزار سے زائد نمبر حاصل کرنے والے طلبہ کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں مختلف اعزازات اور نقد انعامات سے نوازا گیا۔کالج کے ہونہار طالب علم حمدان شمشیر نے 1100 میں سے 1073 نمبر حاصل کرکے نہ صرف ادارے میں پہلی پوزیشن حاصل کی بلکہ فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کے تمام بوائز تعلیمی اداروں میں بھی پہلی پوزیشن اپنے نام کر کے کالج کا نام روشن کیا۔ دیگر نمایاں طلبہ میں ثعبان شمشیر (1058 نمبر)، عبدالواسع (1031 نمبر) اور محمد شیس (1019 نمبر) شامل ہیں جنہوں نے بالترتیب دوسری، تیسری اور چوتھی پوزیشن حاصل کی۔

کامیاب طلبہ کو ان کی شاندار تعلیمی کارکردگی کے اعتراف میں شیلڈز، تعریفی اسناد، کروم بکس اور گلدستے پیش کئے گئے۔ پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے طالب علم کو 20 ہزار روپے جبکہ دوسری، تیسری اور چوتھی پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کو 10،10 ہزار روپے نقد انعام بھی دیا گیا۔اس موقع پر کالج کے پرنسپل پروفیسر شاہد محمود عباسی نے طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی محنت، والدین کی رہنمائی اور اساتذہ کی لگن نے ادارے کو غیرمعمولی کامیابی سے ہمکنار کیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کالج نے اس سال اپنی تاریخ کا بہترین 99 فیصد رزلٹ اور 3.97 جی پی اے حاصل کیا جو ادارے کی تعلیمی کارکردگی کا ایک اہم سنگِ میل ہے۔تقریب میں شریک والدین نے کالج انتظامیہ اور اساتذہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کی تقریبات طلبہ کی حوصلہ افزائی کے ساتھدیگر طلبہ کو بھی اعلیٰ تعلیمی کارکردگی کے لئے ترغیب دیتی ہیں۔تقریب کے اختتام پر طلبہ، اساتذہ اور انتظامیہ نے تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنانے، بہترین نتائج کی روایت برقرار رکھنے اور مستقبل میں مزید نمایاں کامیابیاں حاصل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

مزید خبریں