سوئی گیس ٹاسک فورس کی کارروائیاں، گیس چوری پر ایک ڈائریکٹ کنکشن اور 4 میٹر منقطع

سوئی نادرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) کی یو ایف جی کنٹرول ٹاسک فورس نے جنرل منیجر کی ہدایت پر گیس چوری، غیر قانونی استعمال اور تکنیکی خلاف ورزیوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے ملتان کے مختلف علاقوں میں 65 مقامات کی چیکنگ کے دوران ایک ڈائریکٹ گیس کنکشن اور چار گیس میٹر منقطع کر دیے۔

ملتان۔ 04 اگست (اے پی پی):سوئی نادرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) کی یو ایف جی کنٹرول ٹاسک فورس نے جنرل منیجر کی ہدایت پر گیس چوری، غیر قانونی استعمال اور تکنیکی خلاف ورزیوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے ملتان کے مختلف علاقوں میں 65 مقامات کی چیکنگ کے دوران ایک ڈائریکٹ گیس کنکشن اور چار گیس میٹر منقطع کر دیے۔ترجمان ایس این جی پی ایل کے مطابق کارروائی کے دوران ایک صارف ڈائریکٹ گیس استعمال کرتے ہوئے پایا گیا، جس کا غیر قانونی کنکشن فوری طور پر منقطع کرکے اس کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا۔

اسی طرح ایک صارف کا گیس میٹر ریورس چلتا ہوا پایا گیا، جس پر میٹر منقطع کر دیا گیا جبکہ تین صارفین کمپریسر کے غیر قانونی استعمال کے ذریعے قواعد کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے، جن کے گیس میٹر بھی منقطع کر دیے گئے۔ترجمان نے بتایا کہ یو ایف جی کنٹرول ٹاسک فورس کی ان کارروائیوں کا مقصد گیس چوری کی روک تھام، گیس کے دباؤ میں بہتری، صارفین کو بلا تعطل گیس کی فراہمی اور عوامی شکایات کا بروقت ازالہ یقینی بنانا ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ گیس چوری، غیر قانونی استعمال اور دیگر خلاف ورزیوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی تاکہ تمام صارفین کو محفوظ، معیاری اور مسلسل گیس کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

مزید خبریں