وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی، اصلاحات و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ علامہ اقبالؒ کے فلسفہ خودی اور قائد اعظم محمد علی جناحؒ کے وژن پر استوار ہماری فکری بنیادیں اس حقیقت کی عکاس ہیں کہ پاکستان کبھی ناکام نہیں ہو سکتا۔
پاکستان کبھی ناکام نہیں ہو سکتا، نوجوان کاکروچ نہیں بلکہ شاہین ہیں، وفاقی وزیراحسن اقبال

مزید خبریں
اسلام آباد۔4اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی، اصلاحات و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ علامہ اقبالؒ کے فلسفہ خودی اور قائد اعظم محمد علی جناحؒ کے وژن پر استوار ہماری فکری بنیادیں اس حقیقت کی عکاس ہیں کہ پاکستان کبھی ناکام نہیں ہو سکتا۔ سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ ملک کا نظام کسی انہدام کا شکار نہیں بلکہ ایک جامع، مربوط اور پائیدار قومی اصلاحات کے دور میں داخل ہو چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ آج کی سب سے بڑی ضرورت یہ ہے کہ قوم بالخصوص نوجوان نسل، اپنی فکری بنیادوں کو مضبوط کرے اور علامہ اقبالؒ کے افکار کی روشنی میں اپنی خودی کو بیدار کرے۔
انہوں نے کہا کہ مشکل حالات میں مایوسی پھیلانے والوں کو واضح پیغام دینا چاہتا ہوں کہ پاکستان کے نوجوان کاکروچ نہیں بلکہ شاہین ہیں، یہی باصلاحیت نوجوان ہمارا حال بھی ہیں اور روشن مستقبل بھی ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو قومی ترقی کے مرکزی دھارے میں لانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ ’’اڑان پاکستان‘‘ کے جامع معاشی فریم ورک کے تحت نوجوانوں کو مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل مہارتوں، جدید ٹیکنالوجی اور مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے تاکہ وہ عالمی سطح پر موثر کردار ادا کر سکیں۔
احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کی 25 کروڑ عوام کی فلاح، پائیدار معاشی ترقی اور ایک ٹریلین ڈالر معیشت کا ہدف صرف اجتماعی کوششوں، قومی اتحاد، مسلسل محنت اور اتفاق رائے کے ذریعے ہی حاصل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اصلاحات، تعلیم، ٹیکنالوجی، برآمدات اور انسانی وسائل کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے تاکہ پاکستان کو ترقی یافتہ اور خوشحال ممالک کی صف میں شامل کیا جا سکے۔انہوں نے قوم بالخصوص نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ مایوسی کے بجائے امید، علم، محنت اور جدوجہد کا راستہ اختیار کریں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم اپنے خوابوں کو عزم، مسلسل محنت اور قومی یکجہتی کے ساتھ جوڑ دیں تو پاکستان کو ایک مضبوط، خودانحصار اور خوشحال ریاست بنانے کا خواب ضرور شرمندہ تعبیر ہوگا۔








