چہلم حضرت امام حسین کا مرکزی جلوس حویلی الف شاہ سے برآمد ا،سکیورٹی کے سخت انتظامات ہیں،لاہور پولیس

چہلم حضرت امام حسین کا مرکزی جلوس حویلی الف شاہ سے برآمد ہوگیا جبکہ لاہور پولیس نے عزاداروں اور زائرین کی سکیورٹی کی ذمہ داریاں سنبھال لیں

لاہور۔4اگست (اے پی پی):چہلم حضرت امام حسین کا مرکزی جلوس حویلی الف شاہ سے برآمد ہوگیا جبکہ لاہور پولیس نے عزاداروں اور زائرین کی سکیورٹی کی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران کے مطابق 20 صفر کے جلوسوں اور مجالس کے لیے لاہور پولیس کا سکیورٹی پلان موثر انداز میں نافذ ہے، شہر بھر میں 41 مجالس منعقد اور 12 جلوس برآمد ہوں گے جن کی حفاظت کے لیے 10 ہزار پولیس افسران اور اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ سکیورٹی ڈیوٹی پر 15 ایس پیز، 50 ایس ڈی پی اوز، 175 ایس ایچ اوز و انسپکٹرز، 849 اپر سب آرڈینیٹس اور 8,279 پولیس اہلکار تعینات ہیں جبکہ خواتین زائرین کی چیکنگ اور سکیورٹی کے لیے 508 لیڈی پولیس اہلکار بھی فرائض انجام دے رہی ہیں۔

ڈی آئی جی آپریشنز نے جاری بیان میں بتایا کہ مرکزی جلوس کے روٹ پر واقع بلند عمارتوں پر سنائپرز تعینات کیے گئے ہیں جبکہ روٹ سے ملحق 324 گلیوں کو خاردار تاروں، کنٹینرز اور قناتوں کے ذریعے بند کیا گیا ہے۔فیصل کامران نے ہدایت کی کہ ڈیوٹی پر موجود تمام افسران اور اہلکار مکمل الرٹ رہیں، مشکوک سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھیں اور وینٹیج پوائنٹس پر تعینات جوان بلٹ پروف جیکٹس کا استعمال یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ جلوس کے روٹ کی لمحہ بہ لمحہ نگرانی سیف سٹی اتھارٹی اور نجی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے کی جا رہی ہے، دودھ کی سبیلوں اور لنگرخانوں پر رش کے پیش نظر اضافی نفری بھی تعینات کی گئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جلوس کے اختتام اور عزاداروں کے مکمل انخلا تک تمام افسران اور اہلکار اپنے ڈیوٹی پوائنٹس پر موجود رہیں گے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ پولیس سے تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع دیں۔