وفاقی وزیرِ خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب سے امریکا کے تجارتی نمائندے (یو ایس ٹریڈ )سفیر جیمیسن گریئر نے ورچوئل ملاقات کی جس میں پاکستان اور امریکا کے درمیان دوطرفہ تجارت اور اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے جاری مذاکرات میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
وفاقی وزیرِ خزانہ سے امریکی تجارتی نمائندے کی ورچوئل ملاقات، باہمی تجارتی و اقتصادی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق
اسلام آباد۔5اگست (اے پی پی):وفاقی وزیرِ خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب سے امریکا کے تجارتی نمائندے (یو ایس ٹریڈ )سفیر جیمیسن گریئر نے ورچوئل ملاقات کی جس میں پاکستان اور امریکا کے درمیان دوطرفہ تجارت اور اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے جاری مذاکرات میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
وزیرِ خزانہ نے واشنگٹن ڈی سی میں ہونے والی حالیہ ملاقاتوں کا حوالہ دیتے ہوئے مذاکراتی ٹیموں کی جانب سے حاصل ہونے والی پیش رفت کا خیرمقدم کیا اور مذاکرات کے دوران دونوں فریقوں کے مثبت اور تعمیری اندازِ تعاون کو سراہا۔ دونوں جانب سے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا گیا کہ مجوزہ باہمی تجارتی فریم ورک سے متعلق مذاکرات میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے، اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ معاہدے کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے گی۔ وزیرِ خزانہ نے پاکستان کی اقتصادی ترجیحات کے تناظر میں مذاکرات کی رفتار برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ امریکا کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری پر مبنی مضبوط شراکت داری پاکستان کی برآمدات پر مبنی معاشی حکمتِ عملی کو تقویت دے گی، معیشت کو مزید مستحکم بنانے میں مددگار ثابت ہوگی اور دونوں ممالک کے کاروباری اداروں کے لیے نئی تجارتی و سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کرے گی۔ انہوں نے امریکا کے ایکسپورٹ امپورٹ بینک (ایگزم بینک)کے ساتھ دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے مسلسل تعاون کی اہمیت بھی اجاگر کی۔سفیر جیمیسن گریئر نے مذاکراتی عمل میں پاکستان کی مسلسل اور مثبت شمولیت کو سراہتے ہوئے محنت کشوں کے حقوق اور ریگولیٹری اصلاحات، بالخصوص جبری مشقت کی روک تھام سے متعلق اقدامات میں ہونے والی پیش رفت کی تعریف کی۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ امریکا دوطرفہ تجارتی مذاکرات کی مثبت پیش رفت کو برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے اور اعتماد ظاہر کیا کہ باقی ماندہ امور بھی تکنیکی سطح پر مسلسل رابطوں کے ذریعے جلد طے کر لیے جائیں گے۔وزیرِ خزانہ نے پیش رفت کو مزید آگے بڑھانے کے لیے قریبی رابطے برقرار رکھنے اور تکنیکی سطح پر مذاکرات میں مزید تیزی لانے کی ضرورت پر زور دیا۔ فریقین نے اب تک ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر اتفاق کیا کہ مجوزہ باہمی تجارتی فریم ورک کے باقی ماندہ نکات کو جلد حتمی شکل دینے کے لیے باقاعدہ رابطے جاری رکھے جائیں گے تاکہ پاکستان اور امریکا کے درمیان دیرینہ اقتصادی شراکت داری کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔ملاقات میں وفاقی سیکرٹری تجارت جاوید پال اور امریکی تجارتی نمائندے (یو ایس ٹی آر)کے دفتر کے سینئر حکام نے بھی شرکت کی۔









