وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کشمیری عوام کی اپنے حق خود ارادیت کیلئے جائز جدوجہد کے لیے غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت اپنے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں طویل عرصے سے اپنے غیر قانونی قبضے اور سخت گیر قوانین کے ذریعے آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا حق خود ارادیت کیلئے کشمیری عوام کی جائز جدوجہد کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔5اگست (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کشمیری عوام کی اپنے حق خود ارادیت کیلئے جائز جدوجہد کے لیے غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت اپنے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں طویل عرصے سے اپنے غیر قانونی قبضے اور سخت گیر قوانین کے ذریعے آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔
یوم استحصال کشمیر کی مناسبت سے ایکس پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی زیرتسلط جموں و کشمیر میں 5 اگست 2019ء کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کو سات سال مکمل ہونے پر یہ حقیقت اپنی جگہ برقرار ہے کہ کوئی بھی بیان بازی یا پروپیگنڈا جموں و کشمیر کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازع حیثیت کو تبدیل نہیں کر سکتا اور نہ ہی وہاں کے عوام کے ان حقوق سے انکار کیا جا سکتا ہے جو بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں میں تسلیم شدہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی زیرتسلط جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال یہ ہے کہ طویل عرصے سے جاری بھاری فوجی موجودگی اور سخت گیر قوانین کے ذریعے بھارت آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے جس کا مقصد اس خطے کی مسلم اکثریتی شناخت کو بدلنا ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ کشمیری عوام کی آواز دبانے اور ان کی قومی و ثقافتی شناخت مٹانے کی منظم کوششیں بھی جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترقی کے کھوکھلے اور بے بنیاد دعوے جموں و کشمیر کے عوام کے اس ناقابل تنسیخ حق کا متبادل نہیں ہو سکتے کہ وہ اقوام متحدہ کے مینڈیٹ کے مطابق آزادانہ اور غیر جانبدارانہ استصواب رائے کے ذریعے اپنے مستقبل کا خود فیصلہ کریں۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی جائز جدوجہد کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتا ہے اور بھارت سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ اپنے غیر قانونی اقدامات واپس لے، انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرے اور اقوام متحدہ کے منشور، سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق جموں و کشمیر تنازع کے پرامن حل کے لیے سازگار ماحول پیدا کرے۔








