وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان جاپان اور ’’جائیکا ‘‘کے ساتھ 7 دہائیوں پر محیط دیرینہ شراکت داری کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے،مشکل معاشی چیلنجز پر قابو پالیا، اب پائیدار معاشی ترقی کے لیے اصلاحات کا عمل تیزی سے جاری ہے، صرف تین برس میں سرکاری محصولات دوگنا ہوگئے۔
پاکستان ’’جائیکا ‘‘کے ساتھ 7 دہائیوں پر محیط شراکت داری کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے،وزیراعظم شہباز شریف کی جاپانی وفد سے ملاقات میں گفتگو
اسلام آباد۔5اگست (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان جاپان اور ’’جائیکا ‘‘کے ساتھ 7 دہائیوں پر محیط دیرینہ شراکت داری کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے،مشکل معاشی چیلنجز پر قابو پالیا، اب پائیدار معاشی ترقی کے لیے اصلاحات کا عمل تیزی سے جاری ہے، صرف تین برس میں سرکاری محصولات دوگنا ہوگئے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہارجاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جائیکا) کے صدر ڈاکٹر تاناکا آکی ہیکو کی سربراہی میں 9 رکنی وفد سے گفتگوکرتے ہوئے کیا جس نے بدھ کو یہاں ان سے ملاقات کی ۔وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں وفاقی وزرا احسن اقبال، احد خان چیمہ، ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، حنیف عباسی، سردار اویس احمد خان لغاری، شزا فاطمہ خواجہ، معاونین خصوصی سید طارق فاطمی ، ہارون اختر اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان جاپان اور جائیکا کے ساتھ سات دہائیوں پر محیط دیرینہ شراکت داری کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہارکیا کہ ’’جائیکا ‘‘کے صدر کا دورہ پاکستان دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا۔وزیراعظم نے کہا کہ مشکل معاشی چیلنجز پر ٹیم ورک سے قابو پایا، اب پائیدار معاشی ترقی کے لیے اصلاحات کا عمل تیزی سے جاری ہے،حکومتی اصلاحات کے نتیجے میں صرف تین برس میں سرکاری محصولات دوگنا ہوگئیں ۔وزیراعظم نے کہا کہ نوجوانوں کو ہنر، تکنیکی تربیت اور باعزت روزگار کے مواقع فراہم کرنا اور خواتین کو بااختیار بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے، معدنیات کے شعبے کی ترقی ہماری ترجیحات میں شامل ہے اور اس سلسلے میں ’’جائیکا‘‘ کے تکنیکی تعاون کا خیرمقدم کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کی ترقی اور فروغ کے لیے سمیڈا میں اصلاحات کر کے اسے ایک فعال اور مؤثر ادارہ بنایا، ’’جائیکا ‘‘کا ’’سمیڈا ‘‘کے ساتھ تعاون چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے فروغ اور برآمدات میں اضافے کیلئے مفید ثابت ہو گا۔وزیراعظم نے ’’جائیکا‘‘ کے صدرسے جاپان میں حالیہ زلزلے میں قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ۔ڈاکٹر تاناکا آکی ہیکو نے جاپان میں زلزلے سے قیمتی جانوں کے نقصان پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرنے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پاکستان میں شاندار مہمان نوازی پر بھی اظہار تشکر کیا ۔
انہوں نے کہا کہ ’’جائیکا‘‘ اور پاکستان کی شراکت داری اور تعاون کی ایک طویل تاریخ ہے، ’’جائیکا‘‘ صحت، تعلیم، شہری و دیہی ترقی، فنی و تکنیکی تربیت اور صنعتی ترقی سمیت مختلف شعبوں میں پاکستان سے تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے تیار ہے۔ڈاکٹر تاناکا آکی ہیکو نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی ترقیاتی ترجیحات کے مطابق تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جاپان سمیت عالمی برادری مشرقِ وسطیٰ میں امن کے لیے پاکستان اور اس کی قیادت کی کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔









