نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی عمان میں اردن کے نائب وزیراعظم ایمن الصفادی سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات میں پیش رفت کا خیرمقدم

ائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے عمان میں مقبوضہ بیت المقدس سے متعلق وزارتی اجلاس کے موقع پر اردن کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ ایمن الصفادی سے ملاقات کی۔

عمان ۔5اگست (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے عمان میں مقبوضہ بیت المقدس سے متعلق وزارتی اجلاس کے موقع پر اردن کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ ایمن الصفادی سے ملاقات کی۔ بدھ کو دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور اردن کے درمیان دوطرفہ تعلقات میں بڑھتی ہوئی پیش رفت کا خیرمقدم کرتے ہوئے سیاسی، دفاعی، اقتصادی، تعلیمی، ثقافتی اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے خطے کی تازہ صورتحال، بالخصوص مقبوضہ مغربی کنارے میں بگڑتی ہوئی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔

نائب وزیراعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے مقبوضہ بیت المقدس میں اسلامی اور مسیحی مقدس مقامات کے تحفظ کے لیے اردن کے ثابت قدم کردار اور فلسطینی عوام کی مسلسل حمایت کو سراہا۔ ملاقات میں ایران اور امریکا سے متعلق حالیہ صورتحال سمیت خطے کے مجموعی حالات پر بھی گفتگو ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے کشیدگی میں کمی کے لیے بات چیت اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے اقوام متحدہ اور اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) سمیت دوطرفہ اور کثیرالجہتی فورمز پر قریبی رابطے برقرار رکھتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔