بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں دنیا کی سب سے بڑی دہشتگرد فوج کا قبضہ ہے،، مشعال ملک

حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا ہے کہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں دنیا کی سب سے بڑی دہشتگرد فوج کا قبضہ ہے،بھارت نے 15 لاکھ بھارتیوں کو مقبوضہ کشمیر میں شہریت دی،کشمیری عوام آج بھی اپنے حق خودارادیت کی جدو جہد جاری رکھے ہوئے ہیں،بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی دھجیاں اڑا دیں ہیں۔

اسلام آباد۔5اگست (اے پی پی):حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا ہے کہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں دنیا کی سب سے بڑی دہشتگرد فوج کا قبضہ ہے،بھارت نے 15 لاکھ بھارتیوں کو مقبوضہ کشمیر میں شہریت دی،کشمیری عوام آج بھی اپنے حق خودارادیت کی جدو جہد جاری رکھے ہوئے ہیں،بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی دھجیاں اڑا دیں ہیں۔یوم استحصال کشمیر کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کی صورتحال پر عالمی میڈیا نے بھی متعدد رپورٹس پیش کیں،مودی نے 5 اگست 2019 کے بعد سے میڈیا کا داخلہ بند کیا، اس نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں پابندیاں نافذ کر رکھی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کےخلاف جوڈیشل دہشتگردی میں ملوث ہے،مقبوضہ کشمیر میں ہزاروں خواتین بیوہ ہوچکی ہیں،ہزاروں کشمیری بھارت کی جیلوں میں پڑے ہیں،کشمیریوں کو ان کے بنیادی حق خودارادیت سے کوئی ہٹا نہیں سکتا۔انہوں نے کہا کہ بھارت سے جیت کا عزم کشمیری عوام کے ڈی این اے میں شامل ہے،بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی سمگلنگ میں ملوث ہے،ہمارے آپس میں جتنے مرضی اختلافات ہوں لیکن کشمیری عوام کی حمایت کبھی نہیں چھوڑنی چاہیے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں بہترین ملٹری ڈپلومیسی اپنائی، ہمیں آپس میں باہمی اتحاد قائم کرنے کی ضرورت ہے، مجھے اور میری بیٹی کو انڈین لابی کی وجہ سے باہر ممالک کے ویزے نہیں ملتے۔مشعال ملک نے کہا کہ بھارتی نہیں چاہتے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی آواز بین الاقوامی سطح پر اجاگر کی جائے ۔