سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی پاکستانی تائیکوانڈوایتھلیٹ احسن محسود کو ہیروز انٹرنیشنل تائیکوانڈوچیمپئن شپ جیتنے پر مبارکباد

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پاکستانی تائیکوانڈوایتھلیٹ احسن محسود کو ہیروز انٹرنیشنل تائیکوانڈوچیمپئن شپ جیتنے پر مبارکباد دی ہے ۔

اسلام آباد۔5اگست (اے پی پی):اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پاکستانی تائیکوانڈوایتھلیٹ احسن محسود کو ہیروز انٹرنیشنل تائیکوانڈوچیمپئن شپ جیتنے پر مبارکباد دی ہے ۔ بدھ کو اپنے ایک تہنیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ احسن محسود نے بین الاقوامی سطح پر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرکے پاکستان کا نام روشن کیا۔وزیرستان سے تعلق رکھنے والے نوجوان ایتھلیٹ کی عالمی سطح پر کامیابی قابلِ تحسین ہے۔

احسن محسود نے بھارت سمیت مختلف ممالک کے کھلاڑیوں کے خلاف شاندار کھیل کا مظاہرہ کرکے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ہیروز انٹرنیشنل تائی کوانڈو چیمپئن شپ میں احسن محسود کی کامیابی ان کی محنت، عزم اور غیر معمولی صلاحیتوں کا ثبوت ہے۔احسن محسود نے اپنی شاندار کامیابی سے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔

پاکستانی نوجوانوں کی عالمی سطح پر کامیابیاں ملک کے روشن مستقبل کی علامت ہیں۔احسن محسود جیسے باصلاحیت نوجوان ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں۔اسپیکر سردار ایاز صادق نے احسن محسود کے لیے مستقبل میں مزید کامیابیوں کی دعا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔