یومِ استحصالِ کشمیر ،تعلقہ انتظامیہ ٹنڈوآدم کی کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ریلی

تعلقہ انتظامیہ ٹنڈوآدم کی جانب سے یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ریلی نکالی گئی۔

حیدرآباد۔ 05 اگست (اے پی پی):تعلقہ انتظامیہ ٹنڈوآدم کی جانب سے یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ریلی نکالی گئی۔

اسسٹنٹ کمشنر ٹنڈو آدم حنین طارق شاہانی کی قیادت میں ریلی ریونیو سیکرٹریٹ سے شروع ہوئی جو ٹنڈو آدم پریس کلب تک اختتام پذیر ہوئی ۔ ریلی کے شرکا نے بھارت کے خلاف اور کشمیری عوام کے حق میں نعرے لگائے جبکہ ریلی کے آغاز سے قبل جموں و کشمیر کے شہدا کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر حنین طارق شاہانی،ڈی ایس پی امتیاز علی ڈومکی سمیت دیگر مقررین نے کہا کہ 5 اگست 2019 کو بھارت کی جانب سے جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کرنا اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی تھی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ مقررین نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور کشمیری عوام کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ان کا حقِ خودارادیت دلانے کے لیے موثر کردار ادا کرے۔ریلی میں چیف میونسپل آفیسر ملک عبد الحمید سمیت دیگر سرکاری افسران، پولیس اہلکاروں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ دوسری جانب دی سٹی ہایئر سیکنڈری سکول کی جانب سے سہیل احمد اور انور شیخ کی سربراہی میں سٹی کیمپس سے پریس کلب تک ریلی نکالی گئی جس میں کثیر تعداد میں طلبا اور شہریوں نے شرکت کی۔