سندھ حکومت کے تعاون سے قدرتی آفات سے متاثرہ افراد کے لیے 200 گھر تعمیر کیے جا رہے ہیں،وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان

سندھ حکومت کے تعاون سے قدرتی آفات سے متاثرہ افراد کے لیے 200 گھر تعمیر کیے جا رہے ہیں،وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان

گلگت۔ 06 اگست (اے پی پی):وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین کو محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کی جانب سے ڈونرز کے تعاون سے شروع کیے جانے والے 16 ارب روپے لاگت کے کلائمیٹ ریزیلینس پروجیکٹ پر بریفنگ دی گئی۔ اس منصوبے کے تحت خطے میں ماحول دوست اور محفوظ تعمیرات، صاف پانی کی فراہمی، سیوریج سسٹم اور آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی کے متعدد منصوبے شروع کیے جائیں گے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گلگت بلتستان قدرتی آفات کی زد میں ہے، جہاں ہر سال کلاؤڈ برسٹ اور سیلاب کی وجہ سے متعدد گھر تباہ ہو جاتے ہیں۔

صوبائی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ جن شہریوں کے مکانات قدرتی آفات کی زد میں آ کر تباہ ہوئے ہیں، ان کے لیے محفوظ گھر تعمیر کیے جائیں گے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وفاقی حکومت کے تعاون سے گزشتہ سال بوبر کے سیلاب متاثرین کے لیے کالونی قائم کی گئی تھی، جبکہ اس سال سندھ حکومت کے تعاون سے قدرتی آفات سے متاثرہ افراد کے لیے 200 گھر تعمیر کیے جا رہے ہیں۔

مستقبل میں بھی ہمیں ان متاثرین کی بحالی اور انہیں محفوظ چھت کی فراہمی پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ اس سلسلے میں انہوں نے ہدایت کی کہ کلائمیٹ ریزیلینس پروجیکٹ کے تحت متاثرین کے لیے محفوظ گھروں کی تعمیر کا منصوبہ شامل کیا جائے اور آفت زدہ علاقوں میں متاثر ہونے والے گھروں کی تعمیر و بحالی کیلئے اقدامات کئے جائیں اور اس کی باضابطہ منظوری متعلقہ سٹیئرنگ کمیٹی سے حاصل کی جائے۔

وزیر اعلیٰ نے منصوبے پر شفاف اور کامیاب عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے پروجیکٹ ڈائریکٹر کی تعیناتی میں میرٹ کی سخت پاسداری کی ہدایت کی تاکہ مختلف متعلقہ شعبوں کے ماہرین کو شفاف انٹرویو کے ذریعے موقع مل سکے۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ پروجیکٹ ڈائریکٹر کیلئے متعلقہ شعبوں سے تعلق رکھنے والے امیدواروں کو بھی موقع دیا جائے تاکہ ایک صحت مند مقابلے کے نتیجے میں اہل و قابل امیدواروں کو موقع مل سکے۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ یہ منصوبہ بنیادی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ خطے میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں انتہائی اہم ثابت ہوگا۔