بھارت کی ریاستی سرپرستی میں دہشت گردی عالمی امن کیلئے سنگین خطرہ ہے، میر ضیا اللہ لانگو

صوبائی وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیا اللہ لانگو نے کہا ہے کہ بھارت کی مبینہ ریاستی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا کے امن و سلامتی کے لیے سنگین خطرہ بن چکی ہے، جبکہ اس حوالے سے شواہد مختلف بین الاقوامی فورمز پر پیش کیے جا چکے ہیں

کوئٹہ۔ 07 اگست (اے پی پی):صوبائی وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیا اللہ لانگو نے کہا ہے کہ بھارت کی مبینہ ریاستی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا کے امن و سلامتی کے لیے سنگین خطرہ بن چکی ہے، جبکہ اس حوالے سے شواہد مختلف بین الاقوامی فورمز پر پیش کیے جا چکے ہیں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ میر ضیا اللہ لانگو نے کہا کہ بھارت کی جانب سے دہشت گردی کی مبینہ سرپرستی، بین الاقوامی قوانین، اقوام متحدہ کے چارٹر اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی اب کسی سے پوشیدہ نہیں رہی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر بھارت کے مبینہ دہشت گردانہ اقدامات اور سنگین جرائم کا موثر احتساب نہ کیا گیا تو اس کے اثرات صرف خطے تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ عالمی امن کو بھی شدید خطرات لاحق ہوں گے۔صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ گلوبل ٹیررازم انڈیکس کے مطابق پاکستان دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے، جہاں دہشت گردی کے واقعات میں بے گناہ شہریوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔ انہوں نے دعوی کیا کہ بھارت کی مبینہ سرپرستی میں ہونے والی دہشت گرد کارروائیوں نے پاکستان میں عام شہریوں کی زندگیوں کو براہِ راست متاثر کیا ہے، جبکہ کالعدم تنظیموں کی مبینہ مالی معاونت سے متعلق شواہد پر مبنی ڈوزیئر اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی فورمز پر بھی پیش کیے جا چکے ہیں۔میر ضیا اللہ لانگو نے کہا کہ اگر دنیا میں پائیدار امن قائم کرنا مقصود ہے تو بھارت کو اپنے مبینہ اقدامات پر جوابدہ ٹھہرانا ہوگا تاکہ خطے اور دنیا کو مزید عدم استحکام سے بچایا جا سکے۔