وزیر داخلہ کا میجر طفیل محمد شہید ، نشان حیدر کو یوم شہادت پر شاندار خراج عقیدت

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاکستان کا اعلیٰ ترین فوجی اعزاز نشان حیدر حاصل کرنے والے میجر طفیل محمد شہید کی برسی کے موقع پر ان کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس پاک فوج کے عظیم افسر نے میدان جنگ میں بہادری کا ناقابل فراموش باب تحریر کیا۔

اسلام آباد۔8اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاکستان کا اعلیٰ ترین فوجی اعزاز نشان حیدر حاصل کرنے والے میجر طفیل محمد شہید کی برسی کے موقع پر ان کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس پاک فوج کے عظیم افسر نے میدان جنگ میں بہادری کا ناقابل فراموش باب تحریر کیا۔

وزارت داخلہ کی جانب سے جاری اپنے پیغام میں وزیر داخلہ نے کہا کہ میجر طفیل محمد شہید نے لکشمی پور میں دشمن کا مقابلہ کرتے ہوئے بہادری اور قربانی کی بے مثال مثال قائم کی، شدید زخمی ہونے کے باوجود میجر طفیل محمد شہید نے اپنی پیش قدمی روکنے سے انکار کر دیا اور غیر معمولی ہمت کے ساتھ دشمن کا مقابلہ جاری رکھا اور بالآخر دشمن کو پسپائی پر مجبور ہونا پڑا۔ محسن نقوی نے کہا، میجر طفیل محمد شہید نے اپنی آخری سانس تک دشمن کا مردانہ وار مقابلہ کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ قوم کو مادر وطن کے لیے شہید ہونے والے ہیرو کی بے مثال بہادری اور عظیم قربانی پر فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ میجر طفیل محمد شہید کی بہادری کی ولولہ انگیز داستان آنے والی نسلوں کے لیے مشعل راہ رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ ان کی قربانی پاکستان کے ان بہادر بیٹوں کے جذبے کی ترجمانی کرتی ہے جنہوں نے اپنے وطن کے دفاع کو اپنی جانوں پر ترجیح دی۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء ملک کا فخر اور انمول قومی ورثہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے شہداء کی قربانیاں پاکستان کے امن و سلامتی کی ضمانت ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ملک کی مقدس سرزمین کے ایک ایک انچ کا دفاع ہمارے بہادر سپاہیوں کے بہائے گئے خون کا مرہون منت ہے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان کے شہداء نے قوم کے کل کے لیے اپنا آج قربان کر دیا، ملک کو امن و سلامتی کی سرزمین میں تبدیل کرنے کے خواب کی تکمیل میں بے پناہ خدمات سرانجام دیں۔انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنے تمام بہادر شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے اور ان کی قربانیوں کو تہہ دل سے یاد کرتی ہے۔محسن نقوی نے کہا کہ ملک کے عظیم بیٹوں میں سے ایک میجر طفیل محمد شہید ، نشان حیدر کی عظیم قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ لکشمی پور میں ان کا بہادرانہ موقف جرات، حب الوطنی اور فرض سے لگن کی لازوال علامت کے طور پر ہمیشہ یااد رکھا جائے گا، جو آنے والی نسلوں کو پاکستان کے محافظوں کی جانب سے وطن کی حفاظت اور خودمختاری کے لیے ادا کی گئی قیمت کی یاد دلاتا رہے گا۔