سلسلہ عالیہ قادریہ راشدیہ اسلام آباد کے زیر اہتمام 10واں سالانہ علمی و روحانی اجتماع اتوار کو ہوگا

سلسلۂ عالیہ قادریہ راشدیہ، بھارہ کہو اسلام آباد کے زیرِ اہتمام 10واں سالانہ علمی، تربیتی و اصلاحی جوڑ 9 اگست (اتوار) کو منعقد ہوگا جس میں پیرِ طریقت حضرت پروفیسر ڈاکٹر عبد اللطیف صاحب دامت برکاتہم عالیہ کے مسلسل 26 سالہ دروسِ قرآنِ مجید کی تکمیل کی تقریب بھی منعقد کی جائے گی۔

اسلام آباد۔8اگست (اے پی پی):سلسلۂ عالیہ قادریہ راشدیہ، بھارہ کہو اسلام آباد کے زیرِ اہتمام 10واں سالانہ علمی، تربیتی و اصلاحی جوڑ 9 اگست (اتوار) کو منعقد ہوگا جس میں پیرِ طریقت حضرت پروفیسر ڈاکٹر عبد اللطیف صاحب دامت برکاتہم عالیہ کے مسلسل 26 سالہ دروسِ قرآنِ مجید کی تکمیل کی تقریب بھی منعقد کی جائے گی۔ اجتماع صبح 10 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک منعقد ہوگا جس کا مقصد قرآنِ مجید کی تعلیمات، تزکیۂ نفس، اصلاحِ باطن، صحبتِ اہل اللہ اور ذکرِ الٰہی کے ذریعے معاشرے میں دینی، اخلاقی اور اصلاحی شعور کو فروغ دینا ہے۔سلسلۂ عالیہ قادریہ راشدیہ گزشتہ کئی دہائیوں سے قرآن و سنت کی تعلیمات اور تصوف کے معتدل و مستند پیغام کی اشاعت کے لیے خدمات انجام دے رہا ہے۔اجتماع میں ملک بھر سے ممتاز علمائے کرام، مفتیانِ عظام، مشائخِ کرام، خلفائے سلسلہ، مجازین، سالکینِ قادریہ راشدیہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات شرکت کریں گی۔ شرکاء روحانی بیانات، ذکرِ الٰہی، دعا اور قرآنِ حکیم کے پیغام سے مستفید ہوں گے۔تقریب کے دوران حضرت پروفیسر ڈاکٹر عبد اللطیف صاحب دامت برکاتہم عالیہ کے گزشتہ 26 برسوں پر محیط ترجمہ و مختصر تفسیرِ قرآن پر مشتمل مسلسل دروسِ قرآن کی تکمیل پر انہیں خراجِ تحسین بھی پیش کیا جائے گاجسے اشاعتِ قرآن اور دینی خدمت کے میدان میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔