سپیکر قومی اسمبلی کا شہید کیپٹن حمزہ اکرم کو خراج عقیدت

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ہنگو میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے کیپٹن حمزہ اکرم کو خراج عقیدتپیش کیا اور آپریشن کے دوران 7خوارج دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کی بھی تعریف کی

اسلام آباد۔8اگست (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ہنگو میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے کیپٹن حمزہ اکرم کو خراج عقیدتپیش کیا اور آپریشن کے دوران 7خوارج دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کی بھی تعریف کی۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری بیان میں سردار ایاز صادق نے کہا کہ کیپٹن حمزہ اکرم شہید کی بہادری اور جرات پوری قوم کے لیے باعث فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ مادر وطن کے دفاع میں جان قربان کرنے والے شہید افسر کو قوم سلام پیش کرتی ہے۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ ملک کے دفاع کے لیے جانیں قربان کرنے والے قومی ہیرو ہیں اور سکیورٹی فورسز کے جوانوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے شمار قربانیاں دی ہیں۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ قوم دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک اپنی سکیورٹی فورسز کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔انہوں نے کہا کہ قوم اپنے شہدا کی عظیم قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے اور ملک کے تحفظ اور سلامتی کے لیے ان کی گراں قدر خدمات کا اعتراف کرتی ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہید کیپٹن حمزہ اکرم کے درجات بلند فرمائے اور ان کے سوگوار خاندان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ عطا فرمائے۔

مزید خبریں