وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان سے چین کے ڈونگ گوان گانژو چیمبر آف کامرس کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
معاونِ خصوصی ہارون اختر خان سے چین کے ڈونگ گوان گانژو چیمبر آف کامرس کے وفد کی ملاقات

مزید خبریں
اسلام آباد۔10اگست (اے پی پی):وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان سے چین کے ڈونگ گوان گانژو چیمبر آف کامرس کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
ملاقات میں ڈونگ گوان گانژو چیمبر آف کامرس کے صدر، سپیشل سیکرٹری صنعت احسان علی منگی اور جوائنٹ سیکرٹری فریدون اکرم شیخ نے شرکت کی۔چینی وفد کا پاکستان آمد پر خیرمقدم کرتے ہوئے ہارون اختر خان نے کہا کہ چین پاکستانی عوام کے دلوں میں خصوصی مقام رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین نے اپنی دوراندیش قیادت کے تحت جو شاندار ترقی حاصل کی ہے وہ پاکستان کیلئے قابلِ قدر تجربات اور مواقع فراہم کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی دوراندیش قیادت اور مسلسل کوششوں کے نتیجے میں پاکستان اور چین پہلے سے کہیں زیادہ قریب آئے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان چین کے ساتھ بزنس ٹو بزنس شراکت داری، مشترکہ منصوبوں، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور عوامی روابط کے ذریعے اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔معاونِ خصوصی نے بیٹری انرجی اسٹوریج، سولر اور قابلِ تجدید توانائی، الیکٹرک وہیکلز اور مصنوعی ذہانت سے منسلک جدید ٹیکنالوجیز کے شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع کو اجاگر کیا۔
انہوں نے کہا کہ ان ابھرتے ہوئے شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی تعاون اور صنعتی ترقی کے بے پناہ امکانات موجود ہیں۔ہارون اختر خان نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان متعدد مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یوز ) پر پہلے ہی دستخط ہو چکے ہیں اور اب ان معاہدوں کو عملی جامہ پہنانے کیلئے اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے دوطرفہ معاہدوں اور وعدوں کو حقیقی سرمایہ کاری، پیداوار اور روزگار کے مواقع میں تبدیل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان صنعتی تبدیلی کے ایک نئے مرحلے میں داخل ہو رہا ہے اور چینی سرمایہ کاروں کیلئے پاکستان میں بڑھتے ہوئے سرمایہ کاری کے امکانات سے فائدہ اٹھانے کا یہ بہترین وقت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان کو عالمی سطح پر ایک مینوفیکچرنگ ہب اور پرکشش سرمایہ کاری کا مرکز بنانے کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔حکومتی اصلاحاتی ایجنڈے کو اجاگر کرتے ہوئے ہارون اختر خان نے کہا کہ سرمایہ کاروں اور کاروباری برادری کو سہولت فراہم کرنے کیلئے عملی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے حال ہی میں متعارف کرائی گئی ریگولیٹری گِلّوٹین اصلاحات کا خصوصی طور پر ذکر کیا جن کا مقصد غیر ضروری ضوابط کا خاتمہ، سرخ فیتے میں کمی اور پاکستان میں کاروبار کو مزید آسان بنانا ہے۔چینی وفد نے معاونِ خصوصی کو مختلف شعبوں میں کاروباری مواقع اور ڈونگ گوان گانژو چیمبر آف کامرس کی سرگرمیوں اور اقدامات سے متعلق بریفنگ دی۔ وفد نے پاکستان کے ساتھ کاروباری اور سرمایہ کاری تعاون کو مزید فروغ دینے کے مواقع تلاش کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا
۔ہارون اختر خان نے پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے حکومت کی جانب سے وفد کو مکمل تعاون اور سہولت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی اور چینی کاروباری اداروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کی دعوت دی۔ملاقات کے اختتام پر معاونِ خصوصی وزیراعظم ہارون اختر خان نے چینی وفد کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔







