ایف بی آر مقررہ ریونیو ہدف کے حصول کے لیے انفورسمنٹ اقدامات تیز کرے، وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ایف بی آر اصلاحات پر عملدرآمد مزید تیز اور ان لینڈ ریونیو کے لیے مجوزہ فیس لیس نظام کی بروقت تکمیل کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیئرمین ایف بی آر اور سینئر افسران ہر ماہ کراچی کے ساتھ لاہور میں بھی دو روز قیام کریں ،تمام حساس آسامیوں پر اچھی شہرت کے حامل اور ایماندار افسر اور اہلکار تعینات کیے جائیں ۔

اسلام آباد۔10اگست (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ایف بی آر اصلاحات پر عملدرآمد مزید تیز اور ان لینڈ ریونیو کے لیے مجوزہ فیس لیس نظام کی بروقت تکمیل کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیئرمین ایف بی آر اور سینئر افسران ہر ماہ کراچی کے ساتھ لاہور میں بھی دو روز قیام کریں ،تمام حساس آسامیوں پر اچھی شہرت کے حامل اور ایماندار افسر اور اہلکار تعینات کیے جائیں ۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم کی زیر صدارت ایف بی آر میں جاری اصلاحات پر ہفتہ وار جائزہ اجلاس پیر کو یہاں منعقد ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے ایف بی آر اصلاحات پر عملدرآمد مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری کے جاری ٹیکس اصلاحات پر بڑھتے اعتماد کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ وزیراعظم نے حکم دیا کہ چیئرمین ایف بی آر اور سینئر افسران ہر ماہ کراچی کے ساتھ لاہور میں بھی دو روز قیام کریں، ایف بی آر مقررہ ریونیو ہدف کے حصول کے لیے انفورسمنٹ اقدامات تیز کرے۔ وزیراعظم نے ایف بی آر کو سمگلنگ، ٹیکس چوری اور غیر قانونی کاروبار کے خلاف موثر انفورسمنٹ جاری رکھنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ایف بی آر کی جانب سے چکوال اور صوابی میں سگریٹ سازی کی غیر قانونی فیکٹریوں کے خلاف اقدامات کی پذیرائی کی۔ وزیراعظم نے ایف بی آر کو تمام حساس پوسٹوں اور محکموں میں اچھی شہرت کے حامل اور ایماندار افسروں اور اہلکاروں اہلکاروں کی تعیناتی کی ہدایت کی۔ انہوں نے حکم دیا کہ ان لینڈ ریونیو کے لیے مجوزہ فیس لیس نظام کی بروقت تکمیل اور فیس لیس نظام کا مکمل رول آئوٹ 2027 تک یقینی بنایا جائے۔

وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ فیس لیس ان لینڈ ریونیو نظام کا پہلا مرحلہ یکم اکتوبر 2026ء سے فعال ہوگا، اے آئی اور جدید ٹیکنالوجی پر مبنی فیس لیس نظام ایف بی آر کی حالیہ ڈیجیٹائز یشن اصلاحات کا اہم حصہ ہے، اس نظام میں ٹیکس گوشواروں کے آڈٹ کے لیے نیشنل فیس لیس آڈٹ ونگ اور اسیسمینٹ کے لیے فیس لیس اسیسمینٹ یونٹ شامل ہیں۔ بریفنگ کے مطابق فیس لیس نظام میں ٹیکس کیسز کا دائرہ اختیار جغرافیائی حدود سے قطع نظر رینڈم بنیادوں پر مختص کیا جائے گا ۔ چیئرمین ایف بی آر نے وزیراعظم کی ہدایت پر ہر ماہ کے پہلے ہفتے کراچی میں قیام اور کاروباری برادری سے ملاقاتوں پر بھی بریفنگ دی جس میں بتایا گیا کہ کراچی میں سات بڑے تجارتی اداروں کے نمائندوں سے ملاقاتیں کیں اور ان کے مسائل سنے، کراچی میں قیام کے دوران کاروباری برادری کو درپیش مسائل فوری حل کئے گئے۔

چیئرمن ایف بی آر نے بتایا کہ برآمد کنندگان کے ٹیکس ریفنڈز کے لیے ٹائم بائونڈ ایس او پیز جاری کیے جا رہے ہیں۔ وزیراعظم کو دی گئی بریفنگ کے مطابق چکوال میں غیر قانونی سگریٹ فیکٹری کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کرتے ہوئے فیکٹری سیل کی گئی، غیر قانونی سگریٹ کا ذخیرہ اور مشینری قبضے میں لے لی گئی، صوابی میں بھی غیر قانونی سگریٹ فیکٹری کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کی گئی۔ اجلاس میں وفاقی وزرا اعظم نذیر تارڑ، ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، عطاء اللہ تارڑ، شزا فاطمہ خواجہ، معاون خصوصی ہارون اختر، گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک تھے۔

مزید خبریں