بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا بچے کو ماں کا دودھ پلانے کے عالمی ہفتہ کی افتتاحی تقریب

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام نے یونیسف، عالمی ادارہ صحت ، عالمی خوراک پروگرام اور وزارتِ قومی صحت کے تعاون سے بی آئی ایس پی ہیڈکوارٹرز، اسلام آباد میں پیر کے روز بچے کو ماں کا دودھ پلانے کے عالمی ہفتہ کی افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا۔

اسلام آباد۔10اگست (اے پی پی):بینظیر انکم سپورٹ پروگرام نے یونیسف، عالمی ادارہ صحت ، عالمی خوراک پروگرام اور وزارتِ قومی صحت کے تعاون سے بی آئی ایس پی ہیڈکوارٹرز، اسلام آباد میں پیر کے روز بچے کو ماں کا دودھ پلانے کے عالمی ہفتہ کی افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا۔ پیر کو جاری اعلامیہ کے مطابق تقریب میں اعلیٰ سرکاری حکام، ترقیاتی شراکت دار اداروں کے نمائندوں، طبی ماہرین اور غذائیت کے شعبے سے تعلق رکھنے والے ماہرین نے شرکت کی اور ماں کا دودھ پلانے کے فروغ، تحفظ اور حوصلہ افزائی کے عزم کا اعادہ کیا تاکہ ماں اور بچے کی صحت کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ ماں کا دودھ بچے کی زندگی کا بہترین آغاز ہے اور یہ ہر نومولود کا بنیادی حق ہے، ماں کا دودھ پلانا بچوں کی بقا، خاندان کی خوشحالی، انسانی وسائل کی ترقی اور ملک کے روشن مستقبل کے لئے نہایت اہم ہے۔ انہوں نے ماؤں پر زور دیا کہ وہ پیدائش کے بعد پہلے چھ ماہ تک بچوں کو صرف ماں کا دودھ پلائیں اور بلا ضرورت فارمولا دودھ اور فیڈر کے استعمال سے گریز کریں۔انہوں نے کہا کہ بی آئی ایس پی نے حاملہ اور دودھ پلانے والی خواتین تک ان کی زندگی کے نہایت اہم مرحلے پر پہنچنے کے لئے ایک مؤثر نظام قائم کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صرف مالی معاونت کافی نہیں ہوتی بلکہ ماؤں کو درست معلومات، مؤثر رہنمائی، مشاورت اور معیاری صحت و غذائیت کی سہولیات بھی فراہم کرنا ضروری ہے تاکہ صحت مند مائیں اور صحت مند نسل پروان چڑھ سکے۔اس موقع پر یونیسف کی کنٹری نمائندہ پرنیل آئرن سائیڈ نے کہا کہ ماں کا دودھ پلانے کا عمل بچے کی پیدائش کے پہلے گھنٹے میں شروع ہونا چاہئے کیونکہ ماں کا پہلا دودھ بچے کی پہلی حفاظتی ویکسین ہے۔

ڈبلیو ایچ او پاکستان کی ڈپٹی کنٹری نمائندہ ایلن تھام نے کہا کہ ماں اور بچے کی صحت کے فروغ کے لئے پاکستان کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رہے گا۔ورلڈ فوڈ پروگرام پاکستان کے ڈپٹی کنٹری ڈائریکٹر تھامس کونن نے کہا کہ ماں کا دودھ پلانا ماں اور بچے کی بہتر صحت اور غذائیت کے لئے سب سے آسان، مؤثر اور کم خرچ سرمایہ کاری ہے، جو خواتین کو بااختیار بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔