گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے سکول کی طالبات کی جانب سے قومی ترانے کی پرجوش اور مترنم انداز میں پیشکش کو سراہتے ہوئے کہاہے کہ ان کی خوبصورت آواز میں قومی ترانہ سن کر میرا سر فخر سے بلند ہوگیا۔ پیر کو گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے معلوماتی دورے پر آئے مختلف سکولوں کی طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
قائدا عظم محمد علی جناح نے اصولوں کے ساتھ زندگی گزارنے کا در س دیاہے، گورنر سندھ

مزید خبریں
کراچی۔ 10 اگست (اے پی پی):گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے سکول کی طالبات کی جانب سے قومی ترانے کی پرجوش اور مترنم انداز میں پیشکش کو سراہتے ہوئے کہاہے کہ ان کی خوبصورت آواز میں قومی ترانہ سن کر میرا سر فخر سے بلند ہوگیا۔ پیر کو گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے معلوماتی دورے پر آئے مختلف سکولوں کی طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان بچیوں کے والدین اور اساتذہ قابلِ تحسین ہیں، جنہوں نے ان کی تعلیم و تربیت میں اہم کردار ادا کیا۔انہوں نے طالبات کو مادرِ ملت محترمہ فاطمہ جناح کی زندگی، کردار اور قیامِ پاکستان کے لیے قائداعظم محمد علی جناح کے شانہ بشانہ ان کی تاریخی جدوجہد سے آگاہ کیا۔
گورنر سندھ نے کہا کہ بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح نے ہمیں اصولوں کے ساتھ زندگی گزارنے کا درس دیاہے۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم خواتین کی تعلیم کو خصوصی اہمیت دیتے تھے اور انہوں نے مسلمان خواتین کو قومی جدوجہد میں فعال کردار ادا کرنے کی ترغیب دی، آج پاکستانی خواتین سیاست، تعلیم، طب، انتظامیہ، دفاع، کھیل اور دیگر شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو کا اسلامی دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم بننا، مریم نواز کا وزیراعلی پنجاب کے منصب پر فائز ہونا اور لیفٹیننٹ جنرل (ر) نگار جوہر کا پاک فوج میں اعلی ترین عہدے تک پہنچنا اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی خواتین کسی بھی میدان میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرسکتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کھیل اور دیگر شعبوں میں بھی پاکستانی خواتین نے ملک کا نام روشن کیا ہے۔گورنر سندھ نے طالبات پر زور دیا کہ وہ اپنے عقیدے اور قومی اقدار پر مضبوطی سے کاربند رہیں، پاکستان کی تاریخ اور قومی ہیروز کے بارے میں زیادہ سے زیادہ معلومات حاصل کریں، اپنے والدین اور اساتذہ کا احترام کریں اور ان کی مثبت باتوں پر عمل کریں۔انہوں نے کہا کہ صاف ستھرا ماحول صحت مند معاشرے کی بنیاد ہے، طالبات اپنے سکولوں میں صفائی کا خصوصی خیال رکھیں اور شجرکاری کو اپنی ذمہ داری سمجھیں۔
گورنر سندھ نے طالبات سے عہد لیا کہ وہ اپنے شہر، محلے، گھر اور سکول میں پودے لگائیں گی اور دوسروں کو بھی شجرکاری کی ترغیب دیں گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل آج کے نوجوانوں سے وابستہ ہے۔ طالبات محنت، تعلیم، نظم و ضبط اور کردار سازی کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں اور قائداعظم کے سنہری اصول اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط پر عمل کرتے ہوئے پاکستان کو ایک مضبوط، ترقی یافتہ اور خوشحال ملک بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔اس سے قبل طالبات نے قائداعظم محمد علی جناح کی تاریخی رہائش گاہ اور دفتر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے بابائے قوم کے زیرِ استعمال اشیاء اور تاریخی نوادرات دیکھے اور قیامِ پاکستان کی جدوجہد سے متعلق اہم معلومات حاصل کیں۔
تقریب کے دوران طالبات نے قیامِ پاکستان، ملکی استحکام، ترقی اور خوشحالی میں نوجوان نسل، خصوصا خواتین کے کردار کے حوالے سے اردو اور انگریزی زبان میں تقریری مقابلوں میں حصہ لیا۔ گورنر سندھ نے مقابلوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی طالبات میں نقد انعامات تقسیم کیے اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔








