نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار کی دعوت پر ناروے کے وزیر خارجہ 13 سے 14 اگست تک پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے، دفتر خارجہ

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی دعوت پر ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ ایدے 13 سے 14 اگست تک پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے، یہ ایک دہائی کے بعد کسی نارویجن وزیر خارجہ کا پاکستان کا پہلا دورہ ہوگا۔

اسلام آباد۔12اگست (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی دعوت پر ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ ایدے 13 سے 14 اگست تک پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے، یہ ایک دہائی کے بعد کسی نارویجن وزیر خارجہ کا پاکستان کا پہلا دورہ ہوگا۔

بدھ کو دفتر خارجہ کے مطابق دورے کے دوران نائب وزیراعظم اور ناروے کے وزیر خارجہ وفود کی سطح پر مذاکرات کریں گے جن میں پاکستان اور ناروے کے تعلقات کے تمام پہلوئوں کا احاطہ کیا جائے گا۔ دونوں فریق دوطرفہ تجارت و سرمایہ کاری، موسمیاتی تبدیلی، قابل تجدید توانائی، تعلیم اور عوامی روابط کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کریں گے۔

وہ اہم علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔ یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان مسلسل اعلیٰ سطحی روابط کا تسلسل ہے جن میں مارچ اور اپریل 2026ء میں دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو اور مئی 2026ء میں ناروے کے سٹیٹ سیکرٹری آندریاس موٹزفیلڈٹ کراوک کا اسلام آباد کا دورہ شامل ہیں۔ یہ دورہ پاکستان اور ناروے کے درمیان دیرینہ اور دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی مفاد پر مبنی تعاون کے نئے شعبوں کو تلاش کرنے کا موقع فراہم کرے گا۔