14 اگست ہمیں اپنے بزرگوں کی لازوال قربانیوں اور پاکستان کے قیام کے عظیم مقصد کی یاد دلاتا ہے، میاں کاشف اشفاق

پاکستان فرنیچر کونسل (پی ایف سی) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے جشن آزادی کے موقع پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ 14 اگست ہمیں اپنے بزرگوں کی لازوال قربانیوں اور پاکستان کے قیام کے عظیم مقصد کی یاد دلاتا ہے۔

اسلام آباد۔13اگست (اے پی پی):پاکستان فرنیچر کونسل (پی ایف سی) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے جشن آزادی کے موقع پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ 14 اگست ہمیں اپنے بزرگوں کی لازوال قربانیوں اور پاکستان کے قیام کے عظیم مقصد کی یاد دلاتا ہے۔جمعرات کو جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ آزادی اللہ تعالیٰ کی ایک عظیم نعمت ہے جس کی قدر و حفاظت ہم سب کی قومی ذمہ داری ہے، پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے ہمیں قومی یکجہتی، محنت، دیانت اور باہمی تعاون کو فروغ دینا ہوگا۔

میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ ملکی معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے برآمدات میں اضافہ، مقامی صنعت کا فروغ اور پاکستانی مصنوعات کو عالمی منڈیوں تک پہنچانا وقت کی اہم ضرورت ہے، فرنیچر کی صنعت میں پاکستان کے لیے عالمی سطح پر نمایاں مقام حاصل کرنے کے وسیع امکانات موجود ہیں اور پی ایف سی اس شعبے کی ترقی اور برآمدات کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں قائداعظم محمد علی جناحؒ کے اصول ’’اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط‘‘ کو اپنا کر پاکستان کو ایک مضبوط، خودمختار اور معاشی طور پر مستحکم ملک بنانا ہے۔میاں کاشف اشفاق نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو امن، ترقی، خوشحالی اور استحکام عطا فرمائے اور وطن عزیز کو ہمیشہ قائم و دائم رکھے۔ انہوں نے پوری قوم کو یوم آزادی کی دلی مبارکباد بھی پیش کی۔