جاز ورلڈ کا 79ویں یومِ آزادی کے موقع پرہیڈکوارٹر میں خصوصی تقریبات کا انعقاد

جاز ورلڈ نے پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پراسلام آباد ہیڈکوارٹر میں خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا، جن میں ملازمین نے ملک کی ترقی کے سفر اور روشن مستقبل کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

اسلام آباد۔13اگست (اے پی پی):جاز ورلڈ نے پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پراسلام آباد ہیڈکوارٹر میں خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا، جن میں ملازمین نے ملک کی ترقی کے سفر اور روشن مستقبل کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ جاری پریس ریلیز کے مطابق اس موقع پر ورک پلیس کو قومی رنگوں سے سجایا گیا، جبکہ 14 اگست کے جذبے، قومی یکجہتی اور حب الوطنی کو اجاگر کرنے کے لیے مختلف سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا، جاز ورلڈ نے اپنی تقریبات کو صرف ورک پلیس تک محدود نہیں رکھا بلکہ ایس او ایس چلڈرنز ولیج کے بچوں کے ساتھ بھی یومِ آزادی کی خوشیاں بانٹیں۔ جاز ورلڈ کے ملازمین نے بچوں کے ساتھ مل کر شجرکاری مہم میں حصہ لیا تاکہ ماحولیاتی ذمے داری کے شعور کو فروغ دیا جا سکے۔

بچوں کی تعلیم کے فروغ کے لیے انہیں سکول بیگز بھی تقسیم کیے گئے جبکہ مختلف تفریحی اور تعلیمی سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا گیا۔ قومی نغموں اور کیک کاٹنے کی تقریب نے جشن کو مزید یادگار بنا دیا۔ جاز ورلڈ کے گروپ چیف کارپوریٹ اینڈ ریگولیٹری افیئرزسید ظہیر مہدی نے کہا کہ یومِ آزادی ہمیں یہ یاد دلانے کا موقع دیتا ہے کہ ہم ایک قوم کے طور پر اپنی کامیابیوں پر فخر کریں اور ساتھ ہی اس پاکستان کے بارے میں بھی سوچیں جسے ہم آنے والی نسلوں کے لیے تعمیر کرنا چاہتے ہیں۔جاز ورلڈ میں ہماری کوشش ہیں کہ ہم اس خوشی کو اپنے ورک پلیس سے باہر بھی لوگوں تک پہنچائیں۔ ایس او ایس چلڈرنز ولیج کے بچوں کے ساتھ وقت گزارنا اس یقین کا اظہار ہے کہ ہر بچے کو سیکھنے، اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے اور اپنے مستقبل کی تشکیل کا موقع ملنا چاہیے،سب کے لیے یکساں مواقع کا یہی تصور جاز ورلڈ کے وژن ’’بیٹر لائف فار آل‘‘ کی بنیاد ہے۔

انہوں نے کہا کہ جاز ورلڈ ڈیجیٹل خدمات اور نئے مواقع تک رسائی بڑھانے کے لیے مسلسل کام کر رہی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد تعلیم، روزگار، مالیاتی خدمات اور معاشی سرگرمیوں سے فائدہ اٹھا سکیں۔ گزشتہ تین دہائیوں کے دوران جاز ورلڈ پاکستان میں تقریباً 11 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کر چکا ہے، جبکہ آئندہ تین برسوں میں مزید ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا منصوبہ بھی بنایا گیا ہے۔ اس سرمایہ کاری کا مقصد رابطوں کے نظام کو مزید بہتر بنانا، 5G کی تیاری کو تیز کرنا اور ڈیجیٹل خدمات کے دائرہ کار کو وسیع کرنا ہے۔ پاکستان کے یومِ آزادی کے موقع پر جاز ورلڈ نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ ایک ایسے مستقبل کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا جو زیادہ مربوط اور سب کے لیے یکساں مواقع فراہم کرنے والا ہو، جہاں ٹیکنالوجی زیادہ سے زیادہ پاکستانیوں کی ترقی اور خوش حالی کا ذریعہ بن سکے۔