آزادی اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہے ، ہمیں اس کی قدر اور حفاظت کرنی ہے، وفاقی وزیر مواصلات کا یوم آزادی پر پیغام

وفاقی وزیر مواصلات،صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے 80ویں یوم آزادی پرقوم کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آزادی اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہے ، ہمیں اس کی قدر اور حفاظت کرنی ہے۔

اسلام آباد۔14اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات،صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے 80ویں یوم آزادی پرقوم کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آزادی اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہے ، ہمیں اس کی قدر اور حفاظت کرنی ہے۔ وزارت مواصلات کی جانب سے جاری بیان میں وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ پاکستان کا قیام برصغیر کے مسلمانوں کی عظیم جدوجہد اور قربانیوں کا ثمر ہے، آج کا دن ہمیں اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے اصولوں پر کاربند رہنے کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے پوری قوم کو متحد ہو کر کردار ادا کرنا ہوگا، ملکی سرحدوں کی حفاظت افواج پاکستان کی لازوال قربانیوں کی مرہونِ منت ہے۔ عبدالعلیم خان نے اپنے پیغام میں یوم آزادی پر شہدا و غازیوں اور ان کے عظیم خاندانوں کوخراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مضبوط ہاتھوں میں ہے، قوم کو اپنے مستقبل کے حوالے سے پُرامید رہنا چاہیے۔ صدر استحکام پاکستان پارٹی نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو امن، استحکام، ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن رکھے۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ آج کے دن ہمیں پاکستان کو قائداعظمؒ کے وژن کے مطابق مضبوط اور خوشحال بنانے کا عہد کرنا ہوگا۔