نائب وزیرِ اعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے چین کے سفیر جیانگ زی ڈونگ کی ملاقات

نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے چین کے سفیر جیانگ زی ڈونگ نے جمعہ کو وزارتِ خارجہ میں ملاقات کی

اسلام آباد۔14اگست (اے پی پی):نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے چین کے سفیر جیانگ زی ڈونگ نے جمعہ کو وزارتِ خارجہ میں ملاقات کی۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیرِ اعظم نے گلگت بلتستان میں براڈ پیک پر برفانی تودہ گرنے کے واقعے کے نتیجے میں چینی کوہ پیما کی المناک موت پر تعزیت کا اظہار کیا اور میت کی وطن واپسی کے لیے مکمل سہولت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ چین کے سفیر جیانگ زی ڈونگ نے واقعے کے بعد پاکستان کی جانب سے فوری معاونت اور تعاون کو سراہا۔ ملاقات کے دوران علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ سفیر جیانگ زی ڈونگ نے یومِ آزادی کے موقع پر پاکستان کے عوام اور قیادت کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان قریبی اور آزمودہ تعلقات کو آگے بڑھانے کی تجدید کے عزم کا اظہار کیا۔