پاکستانی سفیر شفقت علی خان کی متحدہ عرب امارات میں پاکستانی برادری کو یوم آزادی کی دلی مبارکباد

متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر شفقت علی خان نے یومِ آزادی کے پُرمسرت موقع پر متحدہ عرب امارات میں مقیم عظیم اور قابلِ فخر پاکستانی برادری کو دلی مبارکباد دی ہے۔ جمعہ کو یومِ آزادی کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمارے اسلاف کی بصیرت، عزم اور بے مثال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے قائدِاعظم محمد علی جناحؒ کی قیادت …

دبئی۔14اگست (اے پی پی):متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر شفقت علی خان نے یومِ آزادی کے پُرمسرت موقع پر متحدہ عرب امارات میں مقیم عظیم اور قابلِ فخر پاکستانی برادری کو دلی مبارکباد دی ہے۔ جمعہ کو یومِ آزادی کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمارے اسلاف کی بصیرت، عزم اور بے مثال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے قائدِاعظم محمد علی جناحؒ کی قیادت میں ہمارے لیے ایک ایسی آزاد مملکت حاصل کی جہاں ہم عزت، آزادی اور حقِ خود ارادیت کے ساتھ زندگی بسر کرسکیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم ان بے شمار شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں جن کی قربانیوں نے اس خواب کو حقیقت کا روپ دیا اور ہم ان کے عزم، حوصلے اور یقین کے ہمیشہ مقروض رہیں گے۔ سفیر نے کہا کہ آزادی کے 80 برس گزرنے کے باوجود قائدِاعظمؒ کا لازوال فرمان "اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط” آج بھی ہمارے قومی سفر کی رہنمائی کررہا ہے، ایک بدلتی ہوئی دنیا کے چیلنجز اور مواقع کا سامنا کرتے ہوئے پاکستان کا مستقبل بھی اسی اتحاد اور اجتماعی عزم سے وابستہ ہے جو ہمیں آنے والی نسلوں کے لیے سماجی و معاشی ترقی، استحکام اور خوشحالی کی جانب لے جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے وقت میں جب ہمارا خطہ مسلسل پیچیدہ چیلنجز کا سامنا کررہا ہے، پاکستان پختہ یقین رکھتا ہے کہ مکالمہ، سفارت کاری، باہمی احترام اور بین الاقوامی قانون کے اصولوں کی پاسداری ہی پائیدار امن اور دیرپا ترقی کے حصول کا سب سے مؤثر راستہ ہے۔

سفیر نے کہا کہ ہم ان مشکل حالات میں علاقائی استحکام کے فروغ کے لیے اپنے دوست ممالک اور شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں متحدہ عرب امارات کی دانشمند قیادت اور عوام کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں کہ انہوں نے پاکستانی برادری جس کی تعداد آج 22 لاکھ سے زائد ہے کے لیے اپنی دیرینہ دوستی، دوراندیش قیادت اور فراخ دلانہ میزبانی کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات مشترکہ اقدار، باہمی اعتماد اور عوامی سطح پر گہرے روابط پر استوار ہیں اور وہ سیاسی، اقتصادی، سرمایہ کاری، دفاعی اور ثقافتی شعبوں سمیت ہر میدان میں مسلسل مضبوط سے مضبوط تر ہورہے ہیں، متحدہ عرب امارات پاکستان کے انتہائی قابلِ قدر شراکت داروں میں سے ایک اور نسل در نسل پاکستانیوں کے لیے ایک عزیز دوسرا گھر ہے۔

پاکستان کے سفیر نے کہا کہ متحدہ عرب امارات میں مقیم ہمارے معزز پاکستانی برادری کی محنت، پیشہ ورانہ خدمات اور متحدہ عرب امارات کی قابلِ ذکر ترقی میں اُن کے گراں قدر کردار کو دلی طور پر سراہتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اسی طرح پاکستان کے لیے آپ کی مسلسل حمایت ہماری قومی ترقی کا ایک اہم ستون ہے، بیرونِ ملک پاکستان کے قابلِ فخر نمائندوں کی حیثیت سے آپ کی دیانت داری، نظم و ضبط اور مثالی طرزِ عمل ہر روز ہمارے ملک کے مثبت تشخص کو مزید مضبوط بناتا ہے۔ سفیر شفقت علی خان نے کہا کہ آپ سب کیلئے میرا پیغام ہے کہ اپنے مہربان میزبان ملک کے قوانین، روایات اور اقدار کا احترام جاری رکھتے ہوئے پیشہ ورانہ اور شہری ذمہ داری کے اعلیٰ ترین معیار کو برقرار رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا سفارتخانہ اپنی برادری کی خدمت کے لیے خلوص، پیشہ ورانہ صلاحیت اور ہمدردی کے ساتھ ہمیشہ پُرعزم رہے گا۔ سفیر نے کہا کہ جس طرح ہم اپنی قوم کے سفر کے اس تاریخی سنگِ میل کا جشن منارہے ہیں، آئیے ہم ان نظریات اور اصولوں سے اپنی اجتماعی وابستگی کی تجدید کریں جن پر پاکستان کی بنیاد رکھی گئی اور ایک مضبوط، خوشحال اور ترقی پسند وطن کی تعمیر کے لیے مل کر کام کریں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو دائمی امن، اتحاد، سلامتی اور خوشحالی عطا فرمائے اور متحدہ عرب امارات کو مسلسل ترقی، استحکام اور کامیابی سے نوازے۔

 

مزید خبریں