گوجرانوالہ۔ 15 اگست (اے پی پی):عوام کو معیاری، بروقت اور باوقار طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد نے گوجرانوالہ ٹیچنگ ہسپتال (سول ہسپتال) کا اچانک دورہ کیا اور ٹراما سینٹر، ایمرجنسی، فارمیسی، مختلف وارڈز اور ای این ٹی او پی ڈی سمیت متعدد شعبہ جات کا تفصیلی معائنہ کیا۔دورانِ معائنہ ڈپٹی کمشنر نے ٹراما سینٹر کے داخلی راستے پر صفائی کی ناقص صورتحال …
علاج معالجے کے معیار میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی،ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ

مزید خبریں
گوجرانوالہ۔ 15 اگست (اے پی پی):عوام کو معیاری، بروقت اور باوقار طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد نے گوجرانوالہ ٹیچنگ ہسپتال (سول ہسپتال) کا اچانک دورہ کیا اور ٹراما سینٹر، ایمرجنسی، فارمیسی، مختلف وارڈز اور ای این ٹی او پی ڈی سمیت متعدد شعبہ جات کا تفصیلی معائنہ کیا۔دورانِ معائنہ ڈپٹی کمشنر نے ٹراما سینٹر کے داخلی راستے پر صفائی کی ناقص صورتحال اور سیوریج کے مسائل کا نوٹس لیا اور متعلقہ حکام کو فوری اقدامات کی ہدایت کی۔ انہوں نے ایمرجنسی میں بعض ضروری تشخیصی ٹیسٹوں اور اہم ادویات کی عدم دستیابی پر بھی برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مریضوں کو تمام ضروری طبی سہولیات اور ادویات کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کے احکامات جاری کیے۔ڈپٹی کمشنر نے ای این ٹی او پی ڈی کا معائنہ کرتے ہوئے صفائی کی صورتحال، بجلی کی عدم فراہمی کے باعث ایئر کنڈیشنرز کی بندش اور مریضوں کے لیے ناکافی نشستوں کا بھی نوٹس لیا۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ نشاندہی کیے گئے تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے اور مریضوں کو علاج معالجے کے دوران ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے مختلف وارڈز میں زیرِ علاج مریضوں سے ملاقات کی، ان کی خیریت دریافت کی اور انہیں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ صفائی ستھرائی، ادویات کی دستیابی، تشخیصی سہولیات اور علاج معالجے کے معیار میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔دورانِ معائنہ کارڈیالوجی او پی ڈی میں تمام ڈاکٹرز ڈیوٹی روسٹر کے مطابق موجود پائے گئے، جبکہ زیرِ علاج مریضوں نے ڈاکٹرز کی دستیابی، علاج معالجے اور ادویات کی فراہمی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے کہا کہ ہسپتالوں میں مریضوں کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی، ادویات کی دستیابی، صفائی ستھرائی اور طبی عملے کی حاضری کو یقینی بنانا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریضوں کو علاج کے لیے صاف ستھرا، محفوظ اور باوقار ماحول فراہم کیا جائے اور نشاندہی کیے گئے مسائل کے فوری ازالے کو یقینی بنایا جائے








