"وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے خضدار اور قلات کے سرحدی علاقے شور پرود میں سکیورٹی فورسز کے کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف بروقت اور مؤثر کارروائی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت، بہادری اور غیر متزلزل عزم کا مظہر ہے۔”
دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی، میر سرفراز بگٹی

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 15 اگست (اے پی پی):وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے خضدار اور قلات کے سرحدی علاقے شور پرود کے پہاڑی سلسلے میں سیکیورٹی فورسز کے کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف بروقت اور مؤثر کارروائی سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت، بہادری اور غیر متزلزل عزم کا مظہر ہے ۔
انہوں نے کہا کہ شور پرود کے دشوار گزار پہاڑی علاقے میں دہشت گرد عناصر کے خلاف کامیاب کارروائی قابلِ تحسین ہے۔ سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر مؤثر کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، جبکہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں 10 دہشت گرد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ بلوچستان کے امن کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف ریاست پوری قوت اور عزم کے ساتھ کارروائی کی صلاحیت رکھتی ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں اور خدمات پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ آپریشن کے بعد سرچ اینڈ کلیئرنس کارروائیوں کا تسلسل خوش آئند ہے، فرار ہونے والے دہشت گردوں کا تعاقب جاری رکھا جائے اور انہیں قانون کی گرفت میں لانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔ بلوچستان کے عوام کے جان و مال کے تحفظ اور صوبے میں پائیدار امن کے قیام پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے بہادر جوانوں کے ساتھ کھڑی ہے، دہشت گرد عناصر کے خلاف جنگ میں کامیابی عوام، حکومت اور سیکیورٹی فورسز کے مشترکہ عزم سے یقینی بنائی جائے گی۔








