ڈی پی او ہری پور کا جامعہ کنزالایمان کھلابٹ کا دورہ، عید میلاد النبی ﷺ کے حوالے سے مشاورتی اجلاس کا انعقاد

"ڈی پی او ہری پور شفیع اللہ گنڈاپور نے جامعہ کنزالایمان کھلابٹ کا دورہ کیا اور عید میلاد النبی ﷺ کے حوالے سے علما کرام اور مشائخ عظام کے ساتھ مشاورتی اجلاس منعقد کیا۔”

ایبٹ آباد۔ 16 اگست (اے پی پی):ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او ) ہری پور شفیع اللہ گنڈاپور نے جامعہ کنزالایمان کھلابٹ کا دورہ کر کے عید میلاد النبیﷺ کے حوالے سے علماء کرام اور مشائخ عظام کے ساتھ مشاورتی اجلاس منعقد کیا۔

اتوار کو ہری پور پولیس کے مطابق اجلاس میں عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر امن و امان کے قیام، سکیورٹی انتظامات، جلوسوں اور دیگر مذہبی پروگراموں کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر ڈی پی او نے کہا کہ علماء کرام معاشرے میں امن و امان، مذہبی رواداری، صبر و برداشت اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ علماء اپنے خطابات اور منبر و محراب سے شہریوں کو صبر، برداشت اور باہمی احترام کا پیغام عام کریں تاکہ عید میلاد النبی ﷺ کے اجتماعات امن و محبت کے ماحول میں منعقد ہوں۔ انہوں نے کہا کہ علماء کرام شہریوں خصوصاً نوجوانوں کو سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی منفی اور اشتعال انگیز خرافات سے دور رکھیں اور سوشل میڈیا کے مثبت اور ذمہ دارانہ استعمال کی ترغیب دیں۔ ہری پور پولیس کی جانب سے سوشل میڈیا پر کڑی نگرانی کی جا رہی ہے، آئی ٹی کی ٹیمیں مسلسل مانیٹرنگ کر رہی ہیں۔ ڈی پی او ہری پور نے کہا کہ عید میلاد النبیﷺ کے جلوسوں اور دیگر پروگراموں کے لیے جامع سکیورٹی پلان تشکیل دیا گیا ہے جس کے تحت تمام حساس مقامات، جلوسوں کے روٹس اور اجتماعات کی سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے گا۔