بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ کی وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے ملاقات

بلال خان کاکڑ کی وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے ملاقات، بلوچستان میں سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروباری سہولت کاری پر تبادلہ خیال۔

کوئٹہ۔ 18 اگست (اے پی پی):بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ ( بی بی او آئی ٹی )کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ نے وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے ملاقات کی، جس میں بلوچستان میں سرمایہ کاری کے فروغ، کاروباری سہولت کاری اور سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی سے متعلق اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ نے وفاقی وزیر کو بورڈ کی جانب سے کاروباری سہولت کاری، سرمایہ کاروں کو معاونت، سرمایہ کاری کے تحفظ اور مقامی و بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے لیے سازگار کاروباری ماحول کی تشکیل کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔ وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے بلوچستان میں سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروباری برادری کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے بی بی او آئی ٹی کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے بلوچستان میں سرمایہ کاری کے منصوبوں کو آگے بڑھانے اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کو مزید مستحکم کرنے کے لیے وفاقی حکومت کی جانب سے حکومتِ بلوچستان کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں بیرونی سرمایہ کاری کو فروغ دیکر ترقی و خوشحالی کی نئی راہیں متعین کی جا سکتی ہیں ، وفاقی حکومت کو کوشس ہے کہ بلوچستان کو ترقی کے میدان میں دیگر صوبوں کے برابرلایا جائے۔ بلال خان کاکڑ نے وفاقی وزیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان مؤثر رابطہ اور باہمی تعاون کے ذریعے سرمایہ کاری کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور، کاروباری سرگرمیوں کو فروغ اور بلوچستان کی وسیع معاشی استعداد کو بروئے کار لایا جا سکتا ہے۔ بی بی او آئی ٹی بلوچستان میں سرمایہ کاری کے فروغ، کاروباری آسانیوں میں اضافے اور سرمایہ کاروں کے لیے ایک مؤثر اور قابلِ اعتماد نظام کی فراہمی کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھے ہوئے ہے۔