استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی)کے صدر عبدالعلیم خان سے گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی اور پارٹی قائدین نے ملاقات کی، جس میں گلگت بلتستان میں حالیہ حکومت سازی، آزاد کشمیر کے آئندہ انتخابات، سیاسی صورتحال اور پارٹی کی آئندہ حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
استحکام پاکستان پارٹی کے صدر سے گلگت بلتستان ، آزاد کشمیر سے نومنتخب اراکین اسمبلی اور پارٹی قائدین کی ملاقات

مزید خبریں
اسلام آباد۔19اگست (اے پی پی):استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی)کے صدر عبدالعلیم خان سے گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی اور پارٹی قائدین نے ملاقات کی، جس میں گلگت بلتستان میں حالیہ حکومت سازی، آزاد کشمیر کے آئندہ انتخابات، سیاسی صورتحال اور پارٹی کی آئندہ حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ بدھ کو جاری پریس ریلیزکے مطابق ملاقات کرنے والوں میں راجہ جلال مقپون، امام مالک، حاجی گلبر خان، شمس لون اور سردار تبارک علی شامل تھےجبکہ سیکرٹری جنرل استحکام پاکستان پارٹی میاں خالد محمود اور صدر پنجاب رانا نذیر احمد خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔
ملاقات میں بتایا گیا کہ گلگت بلتستان میں تعلیم، خوراک، صنعت، پانی و بجلی، جیل، زراعت اور داخلہ کی وزارتیں استحکام پاکستان پارٹی کو ملی ہیں۔ اس موقع پر پارٹی قائدین نے سیاسی امور، مختلف تجاویز اور مستقبل کی حکمت عملی پر بھی صدر عبدالعلیم خان کو آگاہ کیا۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ شمالی علاقہ جات میں سیاحت سمیت اہم شعبوں میں ترقی ضروری ہے، درست پالیسیوں کے ذریعے ہی گلگت بلتستان کو اپنے پاؤں پر کھڑا کیا جا سکتا ہے۔
قدرتی حسن اور بے شمار نعمتوں سے مالامال ان علاقوں میں ترقی کے لیے صرف محنت اور درست سمت درکار ہے۔انہوں نے کہا کہ آئی پی پی کے وزرا کو عوام کو حقیقی ثمرات پہنچانے کے لیے دن رات کام کرنا ہوگا۔ عوام میں مایوسی پھیلانے کی حوصلہ شکنی کرتے ہوئے انہیں امید دلائی جائے گی اور ترقیاتی عمل کو مؤثر انداز میں آگے بڑھایا جائے گا۔








