وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ نے کہا ہے کہ تعلیم ترقی کی بنیاد اور لوگوں کو غربت سے نکالنے کا سب سے موثر ذریعہ ہے، نوجوانوں کو معیاری تعلیم، جدید مہارتوں اور روزگار کے مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، پاکستان کو پرکشش سرمایہ کاری منزل بنانے کے لیے امن، استحکام اور دوستانہ عالمی تعلقات ناگزیر ہیں۔
نوجوانوں کو معیاری تعلیم، جدید مہارتوں اور روزگار کے مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، قیصر احمد شیخ

مزید خبریں
اسلام آباد۔19اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ نے کہا ہے کہ تعلیم ترقی کی بنیاد اور لوگوں کو غربت سے نکالنے کا سب سے موثر ذریعہ ہے، نوجوانوں کو معیاری تعلیم، جدید مہارتوں اور روزگار کے مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، پاکستان کو پرکشش سرمایہ کاری منزل بنانے کے لیے امن، استحکام اور دوستانہ عالمی تعلقات ناگزیر ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بین الاقوامی تعلیمی سربراہی اجلاس و نمائش میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں عاطف اکرام شیخ، پروفیسر ڈاکٹر ایم اقبال چودھری اور زہرا زمرت سلجوق سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ دنیا تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے اور مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹلائزیشن اور جدید ٹیکنالوجی عالمی معیشتوں کی سمت متعین کر رہی ہیں، ایسے میں پاکستان کے تعلیمی نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا اور طلبہ کو عملی، تکنیکی اور ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کرنا ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہر بچے تک معیاری تعلیم کی رسائی یقینی بنانے کے لیے مزید وسائل اور توانائیاں صرف کرنا ہوں گی، تعلیم کو محض ڈگری کے حصول تک محدود رکھنے کے بجائے اسے روزگار، اختراع، کاروبار اور معاشی ترقی سے جوڑنا ہوگا تاکہ نوجوان ملکی معیشت میں موثر کردار ادا کرسکیں۔قیصر احمد شیخ نے کہا کہ او آئی سی ممالک میں نوجوانوں کی تعداد آئندہ برسوں میں تقریباً 42 کروڑ 70 لاکھ تک پہنچنے کا امکان ہے، یہ نوجوان مسلم دنیا کے لیے بڑا اثاثہ ہیں ، اگر انہیں معیاری تعلیم، جدید ہنر اور روزگار کے مناسب مواقع فراہم کیے جائیں تو وہ معاشی ترقی، جدت اور خوشحالی کا ذریعہ بن سکتے ہیں۔
انہوں نے نوجوانوں میں قومی اتفاق رائے، برداشت، بین المذاہب ہم آہنگی اور باہمی احترام کے فروغ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مضبوط معاشرے صرف معاشی ترقی سے نہیں بلکہ تعلیم، برداشت اور مشترکہ قومی مقاصد کے ذریعے تشکیل پاتے ہیں۔وفاقی وزیر نے چین کی ترقی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کروڑوں افراد کو غربت سے نکالنے میں تعلیم، ترقی اور قومی اتفاق رائے نے اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھی اپنے انسانی وسائل، نوجوان آبادی اور جغرافیائی و معاشی امکانات سے بھرپور فائدہ اٹھا کر ترقی کی نئی راہیں کھول سکتا ہے۔
قیصر احمد شیخ نے کہا کہ حکومت پاکستان کو ایک پرکشش سرمایہ کاری منزل بنانے کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے، سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے پالیسیوں میں بہتری، کاروباری ماحول کو سازگار بنانا اور سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ امن، سیاسی و معاشی استحکام اور دوستانہ عالمی تعلقات کے بغیر سرمایہ کاری کا فروغ ممکن نہیں، ملکی ترقی اور معاشی خوشحالی کے لیے ایسا ماحول ضروری ہے جہاں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کار طویل المدتی بنیاد پر سرمایہ کاری کے فیصلے کرسکیں۔وفاقی وزیر نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ بدلتی دنیا کے تقاضوں کو سمجھیں اور جدید مہارتیں حاصل کریں۔
انہوں نے نوجوان نسل کو پیغام دیا کہ مہارتیں پیدا کریں، اتفاق رائے اپنائیں اور ثابت قدمی کو مضبوط بنائیں کیونکہ یہی عناصر انہیں کامیابی کی طرف لے جانے اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے میں معاون ثابت ہوں گے۔








