وفاقی وزیر برائے ہائوسنگ و ورکس میاں ریاض حسین پیرزادہ نے گرین انکلیو ون اور لائف سٹائل ریزیڈنسی منصوبوں کی تکمیل میں غیر معمولی تاخیر پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی سرکاری ملازمین ہائوسنگ اتھارٹی (ایف جی ای ایچ اے) کو مسائل کے حل اور منصوبوں کی تکمیل کے لیے فوری اور موثر اقدامات کی ہدایت کی ہے۔یہ ہدایات انہوں نے وفاقی سرکاری ملازمین ہائوسنگ اتھارٹی کے 50ویں …
وفاقی وزیر ہائوسنگ و ورکس میاں ریاض حسین پیرزادہ کا گرین انکلیو ون اور لائف سٹائل ریزیڈنسی منصوبوں میں تاخیر پر اظہار تشویش

مزید خبریں
اسلام آباد۔19اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے ہائوسنگ و ورکس میاں ریاض حسین پیرزادہ نے گرین انکلیو ون اور لائف سٹائل ریزیڈنسی منصوبوں کی تکمیل میں غیر معمولی تاخیر پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی سرکاری ملازمین ہائوسنگ اتھارٹی (ایف جی ای ایچ اے) کو مسائل کے حل اور منصوبوں کی تکمیل کے لیے فوری اور موثر اقدامات کی ہدایت کی ہے۔یہ ہدایات انہوں نے وفاقی سرکاری ملازمین ہائوسنگ اتھارٹی کے 50ویں ایگزیکٹو بورڈ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔
اجلاس کے آغاز پر وفاقی وزیر نے منصوبوں میں غیر معمولی تاخیر پر ایف جی ای ایچ اے حکام سے سخت سوالات کیے اور پیش رفت نہ ہونے کی تفصیلی وجوہات طلب کیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ انہیں پارلیمانی و سینیٹ کمیٹیوں سمیت مختلف نگرانی کے فورمز پر ان منصوبوں کی پیش رفت کے حوالے سے بارہا جواب دینا پڑا ہے تاہم تقریباً تین سال گزرنے کے باوجود منصوبے مطلوبہ پیش رفت حاصل نہیں کرسکے۔گرین انکلیو ون کے الاٹیز کے احتجاج اور وفاقی محتسب سے رجوع کرنے سے متعلق میڈیا رپورٹس کا نوٹس لیتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ الاٹیز کے تحفظات کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔
اتھارٹی منصوبوں کی تکمیل کے لیے شفافیت، احتساب اور موثر کارکردگی کا مظاہرہ کرے اور تمام ممکنہ اقدامات بروئے کار لائے۔انہوں نے تمام زیر التواء انکوائری رپورٹس مقررہ مدت میں پیش کرنے اور ان کی سفارشات پر فوری عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ انکوائریوں میں غیر ضروری تاخیر صورتحال کو مزید پیچیدہ اور غیر یقینی بنا رہی ہے۔میاں ریاض حسین پیرزادہ نے کہا کہ ان منصوبوں میں سینئر بیوروکریٹس کے ساتھ ساتھ نچلے گریڈ کے افسران اور ملازمین نے بھی اپنی محنت کی کمائی سے گھر کے حصول کی امید میں سرمایہ کاری کر رکھی ہے، لیکن انہیں طویل عرصے سے منصوبوں کی تکمیل کا انتظار کرنا پڑ رہا ہے۔
وفاقی وزیر نے ایف جی ای ایچ اے بورڈ کو انکوائری رپورٹس کی سفارشات اور نتائج کی روشنی میں مناسب کارروائی کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تمام کارروائی منصفانہ، شفاف، جائز اور بروقت ہونی چاہیے۔اجلاس میں ایف جی ای ایچ اے کے ایگزیکٹو بورڈ نے مالی سال 2026-27 کے لیے اتھارٹی کا سالانہ بجٹ بھی زیر غور لاتے ہوئے منظور کر لیا۔








