نیشنل ویمنز انڈر 19 ٹورنامنٹ کی ٹرافی کی رونمائی کراچی میں کردی گئی

نیشنل ویمنز انڈر 19 ٹورنامنٹ کی ٹرافی کی رونمائی کراچی میں کردی گئی۔ ٹرافی کی رونمائی کی تقریب حنیف محمد ہائی پرفارمنس سنٹر کراچی میں منعقد ہوئی

لاہور۔19اگست (اے پی پی):نیشنل ویمنز انڈر 19 ٹورنامنٹ کی ٹرافی کی رونمائی کراچی میں کردی گئی۔ ٹرافی کی رونمائی کی تقریب حنیف محمد ہائی پرفارمنس سنٹر کراچی میں منعقد ہوئی، جس میں ٹورنامنٹ میں شریک پانچوں ٹیموں کی کپتانوں نے شرکت کی اور ٹرافی کے ساتھ تصاویر بنوائیں۔تقریب میں پانچوں ٹیموں کی نمائندگی کپتان فضہ فیاض، کومل خان، سمیہ افسر، رویل فرحان اور ضوفشاں ایاز نے کی۔ ٹرافی کی رونمائی کے موقع پر کپتانوں نے ٹورنامنٹ میں بہترین کارکردگی دکھانے اور اپنی اپنی ٹیموں کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ترجمان پی سی بی کے مطابق نیشنل ویمنز انڈر 19 ٹورنامنٹ کا باقاعدہ آغاز 20 اگست سے ہوگا۔ ٹورنامنٹ کے میچز کراچی کے ایچ پی سی اوول گرائونڈ اور این بی پی کمپلیکس میں کھیلے جائیں گے، جہاں نوجوان خواتین کرکٹرز کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملے گا۔

ٹورنامنٹ کے دوران مجموعی طور پر 21 میچز کھیلے جائیں گے۔ ایونٹ کے پہلے 10 میچز 30 اوورز فی اننگز کے فارمیٹ پر مشتمل ہوں گے جبکہ اس کے بعد ہونے والے 11 میچز ٹی ٹونٹی فارمیٹ میں کھیلے جائیں گے۔ مختلف فارمیٹس میں میچز کے انعقاد کا مقصد نوجوان کھلاڑیوں کو محدود اوورز کی کرکٹ کے مختلف انداز اور تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے کا موقع فراہم کرنا بھی ہے۔نیشنل ویمنز انڈر 19 ٹورنامنٹ کو ملک میں خواتین کی کرکٹ کے مستقبل کے لیے اہم قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ ایسے مقابلوں کے ذریعے ابھرتی ہوئی کھلاڑیوں کو مسابقتی ماحول میں اپنی صلاحیتیں نکھارنے اور اعلی سطح کی کرکٹ کے لیے خود کو تیار کرنے کا موقع ملتا ہے۔