علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اور سندھ مدرسۃ الاسلام یونیورسٹی کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط

علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اور سندھ مدرسۃ الاسلام یونیورسٹی کے درمیان تہذیب و ثقافت کی ترویج، تحقیق، تدریس اور علمی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کئے گئے۔اس اشتراک کا مقصد نوجوان نسل میں تہذیب و ثقافت کا شعور اجاگر کرنا، مشترکہ تحقیقی منصوبے شروع کرنا، تعلیمی اشاعتوں کا تبادلہ، علمی و تحقیقی سرگرمیوں کا انعقاد اور کمیونٹی سروس کے معیار کو بہتر بنانا …

اسلام آباد۔19اگست (اے پی پی):علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اور سندھ مدرسۃ الاسلام یونیورسٹی کے درمیان تہذیب و ثقافت کی ترویج، تحقیق، تدریس اور علمی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کئے گئے۔اس اشتراک کا مقصد نوجوان نسل میں تہذیب و ثقافت کا شعور اجاگر کرنا، مشترکہ تحقیقی منصوبے شروع کرنا، تعلیمی اشاعتوں کا تبادلہ، علمی و تحقیقی سرگرمیوں کا انعقاد اور کمیونٹی سروس کے معیار کو بہتر بنانا ہے۔

مفاہمتی یادداشت پر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی جانب سے رجسٹرار راجہ عمر یونس اور سندھ مدرسۃ الاسلام یونیورسٹی کی جانب سے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مجیب الدین صحرائی نے دستخط کئے۔اس موقع پر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا کہ آج قومی ہم آہنگی اور باہمی رواداری پر کام کرنا وقت کی سب سے اہم ضرورت ہے۔ سندھ کے اس تاریخی تعلیمی ادارے کے ساتھ شراکت داری سے طلبہ، اساتذہ اور محققین کے لئے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور نئی نسل کی تربیت کو ایک نئی جہت ملے گی۔

ہمیں مل کر اپنی تہذیب و ثقافت کے فروغ کے لئے کام کرنا ہو گا۔ سندھ مدرسۃ الاسلام یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مجیب الدین صحرائی نے کہا کہ یہ ادارہ 1885 میں قائم ہوا اور قائدِ اعظم محمد علی جناح ساڑھے چار سال تک اسی درسگاہ سے وابستہ رہے۔ دونوں جامعات کی یہ شراکت داری نوجوانوں کی تعلیم و تربیت میں سنگِ میل ثابت ہوگی۔ تقریب میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے ڈینز اور پرنسپل افسران نے بھی شرکت کی۔

مزید خبریں