صدر مملکت آصف علی زرداری نے کام کی جگہ ہراسانی کی شکایات کے فوری اور موثر ازالے کو یقینی بنانے کے لیے داخلی طریقہ کار اور نگرانی کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔بدھ کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے یہ بات وفاقی محتسب برائے تحفظ خواتین کو کام کی جگہ ہراسانی سے تحفظ (فوسپاہ) کی محتسب …
صدر مملکت آصف علی زرداری سے فوسپاہ کی محتسب فوزیہ وقار کی ملاقات ، ادارے کی سالانہ رپورٹ 2025ء پیش کی

مزید خبریں
اسلام آباد۔19اگست (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے کام کی جگہ ہراسانی کی شکایات کے فوری اور موثر ازالے کو یقینی بنانے کے لیے داخلی طریقہ کار اور نگرانی کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔بدھ کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے یہ بات وفاقی محتسب برائے تحفظ خواتین کو کام کی جگہ ہراسانی سے تحفظ (فوسپاہ) کی محتسب فوزیہ وقار سے ایوان صدر میں ملاقات کے دوران کہی جنہوں نے انہیں ادارے کی سالانہ رپورٹ 2025ء پیش کی۔
صدر مملکت نے کام کی جگہ ہراسانی سے افراد کے تحفظ میں فوسپاہ کے کردار کو سراہتے ہوئے ادارے کی جانب سے فراہم کی جانے والی خدمات کے بارے میں عوامی آگاہی مہمات میں اضافے پر زور دیا۔صدر مملکت کو بتایا گیا کہ 2024-25 کے دوران فوسپاہ کو ہراسانی کی 1,119 شکایات موصول ہوئیں جن میں سے 1,047 شکایات کے فیصلے کیے گئے۔ اسی طرح جائیداد سے محرومی سے متعلق 352 شکایات موصول ہوئیں جن میں سے 238 شکایات نمٹا دی گئیں۔
صدر مملکت کو پیش کی گئی رپورٹ میں بتایا گیا کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں شکایات کے اندراج میں 375 فیصد اضافہ ہوا۔صدر مملکت نے اس امر پر زور دیا کہ شکایات کا منصفانہ اور میرٹ پر جائزہ لیا جائے اور قانونی تقاضوں کے مطابق مناسب طریقہ کار اختیار کیا جائے تاکہ ہراسانی کے حقیقی واقعات کا فوری ازالہ ہو جبکہ الزامات کا قانون کے مطابق احتیاط سے جائزہ لیا جائے۔ملاقات کے دوران سینیٹر سلیم مانڈوی والا بھی موجود تھے۔








