وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر موضع سمرا نشیب لیہ میں دریائی کٹاؤ روکنے کے لیے سٹڈ کی تعمیر کا کام شروع، پی ڈی ایم اے کی بھاری مشینری موقع پر پہنچ گئی
لیہ میں دریائی کٹائو کے سد باب کےلئے اقدامات شروع کر د یے گئے ،سیف انور جپہ

مزید خبریں
لاہور۔23اگست (اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ڈی جی پی ڈی ایم اے سیف انور جپہ موضع سمرا نشیب بستی کنجال لیہ پہنچ گئے جبکہ موضع سمرا نشیب میں بھاری مشینری بھی پہنچا دی گئی ہے اور دریائی کٹائو روکنے کےلئے سٹڈ کی تعمیر کا کام شروع کر دیا گیاہے،اس موقع پر ڈپٹی کمشنر آصف علی ڈوگر ،چیف انجینئرز انہار سرگودھا صداقت لطیف، سپرنٹنڈنگ انجینئر بھکر عدنان امجد، ریذیڈنٹ انجینئر منصور احمد ، ایکسیئن انہار حفیظ احمد اورڈ ائریکٹر آپریشنز پی ڈی ایم اے نثار احمد بھی ہمراہ تھے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق ڈائریکٹر جنرل سیف انور جپہ نے متاثرہ علاقہ سمرا نشیب کا دورہ کیا ۔ انہوں نے بھاری مشینری، پتھروں اور جاری کام کا معائنہ کیا ، اس موقع پر محکمہ انہار کی طرف سے بریفنگ بھی دی گئی ۔ سیف انور جپہ نے علاقہ مکینوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے احکامات پر کٹائو روکنے کےلئے فوری طور پر کام شروع کر دیا گیا ہے اور صوبائی حکومت ، ضلعی انتظامیہ اور پی ڈی ایم اے دکھ کی اس گھڑی میں عوام کے ساتھ کھڑی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ فوری طور پر دریائی کٹا ئوکےلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں تاکہ علاقہ اور مکینوں کے تحفظ اور اس مسئلہ کے مستقل حل کےلئے فلڈ پروٹیکشن بند کی تعمیر کےلئے بھرپور کوشش کی جائے ۔ڈی جی نے کہا کہ دریا کے پانی کا رخ موڑنے کےلئے قابل عمل دیگر آپشن پر بھی عمل کیا جائے گا ،تمام متعلقہ محکمے باہمی تعاون اور رابطہ کاری کے ذریعے دریائی کٹا ئوکے تدارک کے لئے کام کریں تاکہ آبادیوں اور انفراسٹرکچر کو بچانے کےلئے ہر ممکن کوشش کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ علاقے میں ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن جاری رکھا جائے ، دریائی کٹائو کےلئے جاری اقدامات بارے روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ دی جائے۔ سیف انور جپہ نے کہا کہ وزیر اعلی ٰکی ہدایت پر متاثرہ علاقے میں فلڈ ریلیف کیمپس فراہم کر دئے گئے ہیں جبکہ متاثرین کو تمام تر بنیادی سہولیات کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائے گی۔ انہوں نے متاثرین کے لئے فوڈ ہیمپر بھجوانے کی بھی ہدایت کی ۔







