اینٹی کرپشن کورٹ گلگلت بلتستان کے جج محمود الحسن نے کرپشن کے ایک اہم مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے جرم ثابت ہونے پر تین مجرمان کو عمر قید اور فی کس ایک کروڑ روپے جرمانے کی سزا سنا دی
استور ،اینٹی کرپشن کورٹ گلگت بلتستان کا بڑا فیصلہ، تین ملزمان کو عمر قید کی سزا

مزید خبریں
استور ،24 اگست (اے پی پی):اینٹی کرپشن کورٹ گلگلت بلتستان کے جج محمود الحسن نے کرپشن کے ایک اہم مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے جرم ثابت ہونے پر تین مجرمان کو عمر قید اور فی کس ایک کروڑ روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔عدالت کے فیصلے کے مطابق باسط علی، احسان علی اور صابر حسین پر ایک لاکھ کلوگرام گندم اسمگل کرکے بلیک مارکیٹنگ کرنے کا الزام ثابت ہوگیا، جس پر عدالت نے تینوں مجرمان کو عمر قید کی سزا سنائی۔عدالت نے ہر مجرم پر ایک، ایک کروڑ روپے جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔
فیصلے میں قرار دیا گیا ہے کہ جرمانے کی رقم مقررہ مدت میں ادا نہ کرنے کی صورت میں مجرمان کی منقولہ و غیر منقولہ جائیداد ضبط کی جائے گی۔عدالت نے تینوں مجرمان کو گرفتار کرکے جیل منتقل کرنے کے بھی احکامات جاری کر دیے۔ فیصلے کے بعد متعلقہ حکام کو عدالتی احکامات پر فوری عملدرآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔عدالت کی جانب سے سنائے گئے اس فیصلے کو گلگت بلتستان میں کرپشن، گندم کی غیر قانونی اسمگلنگ اور بلیک مارکیٹنگ کے خلاف اہم اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔
فیصلے سے یہ واضح پیغام ملتا ہے کہ سرکاری اشیائے ضروریہ کی غیر قانونی خرید و فروخت، اسمگلنگ اور بلیک مارکیٹنگ میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔








