نیب بلوچستان کی کھلی کچہری 27 اگست کو ہوگی، شکایات کنندگان کو شرکت کی دعوت

نیب بلوچستان کی جانب سے بڑی مالی بدعنوانیوں کے خلاف شکایات کے اندراج اور شکایت کنندگان کی براہِ راست شنوائی کے لیے ماہانہ کھلی کچہری 27 اگست کو کوئٹہ میں منعقد ہوگی

کوئٹہ۔ 24 اگست (اے پی پی):نیب بلوچستان کی جانب سے بڑی مالی بدعنوانیوں کے خلاف شکایات کے اندراج اور شکایت کنندگان کی براہِ راست شنوائی کے لیے ماہانہ کھلی کچہری 27 اگست کو کوئٹہ میں منعقد ہوگی۔ ڈائریکٹر جنرل نیب بلوچستان کھلی کچہری میں شکایت کنندگان کی شکایات خود سنیں گے۔ نیب بلوچستان کی جانب سے چیئرمین نیب کی ہدایت پر بڑی مالی بدعنوانیوں کے خلاف شکایات کے اندراج کے لیے ہر ماہ کی آخری جمعرات کو کھلی کچہری کا انعقاد کیا جاتا ہے، جس میں ڈائریکٹر جنرل نیب بلوچستان شکایت کنندگان کو بذاتِ خود سنتے ہیں۔

اس ماہ نیب بلوچستان کی کھلی کچہری 27 اگست 2026 بروز جمعرات صبح 11 بجے سے دوپہر ایک بجے تک نیب بلوچستان کے دفتر واقع شاہراہِ گلستان، کوئٹہ کینٹ میں منعقد ہوگی۔نیب بلوچستان کی جانب سے درخواست کنندگان سے کہا گیا ہے کہ وہ کھلی کچہری میں شرکت کے دوران اپنی شکایات تحریری صورت میں پیش کریں اور درخواست میں متعلقہ معلومات لازماً درج کریں تاکہ شکایت پر قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔ نیب حکام کے مطابق کھلی کچہری کا مقصد شہریوں کو بڑی مالی بدعنوانیوں سے متعلق شکایات براہِ راست پیش کرنے کا موقع فراہم کرنا اور ان کی شکایات کی شنوائی کو مؤثر بنانا ہے۔