فیسکو ٹاسک فورس ٹیموں کا بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈائون ، 15 بجلی چور گرفتار

فیسکو (واپڈا) کی ٹاسک فورس ٹیموں نے بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈائون کے دوران 15 بجلی چور گرفتار کرلیے

سرگودھا ۔ 24 اگست (اے پی پی):فیسکو (واپڈا) کی ٹاسک فورس ٹیموں نے بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈائون کے دوران 15 بجلی چور گرفتار کرلیے۔ سپرنٹنڈنگ انجینئر فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) سرگودھا ریجن ابرار احمد خان کی ہدایت پر فیسکو ٹاسک فورس ٹیموں نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سرگودھا شہر کے مختلف علاقوں لڈے والا، چک 52 بالا و زیریں، جھال چکیاں ، حیدر آباد ٹائون اور اس سے ملحقہ علاقوں میں چھاپوں کے دوران ڈائریکٹ تاروں سے بجلی چوری، میٹر سے چھیڑ چھاڑ اور بل ٹمپرنگ کے ذریعے بجلی چوری کرتے ہوئے 15 افراد کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔

انچارج فیسکو ٹاسک فورس کے مطابق تشکیل دی گئی ٹیموں نے یہ کارروائیاں کیں اور مشتبہ افراد کو مبینہ طور پر بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑا۔ گرفتار بجلی چوروں میں تیمور، طاہر، تجمل، فرحت، فرقان، فہیم، نبیل، نعمان، علی، کامران، سجاد، وحید اللہ، نعمت اللہ، عبداللہ، فرزند علی شامل ہیں۔ متعلقہ تھانہ جات میں بجلی چوروں کے خلاف الیکٹرک سٹی ایکٹ کے تحت مقدمات درج کروا دیئے گئے ہیں اور مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔