ملاوٹ مافیا کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد جاری رکھا جائے گا ، ڈائریکٹر آپریشنز

پنجاب فوڈ اتھارٹی میں بطور ڈائریکٹر آپریشنز نارتھ چارج سنبھالنے کے بعد اعجاز احمد نے پی ایف اے راولپنڈی کے دفتر کا تفصیلی دورہ کیا جہاں انہوں نے آپریشنز، پبلک ریلیشنز، لائسنسنگ، ٹریننگ اور میڈیکل سکریننگ ونگ سمیت مختلف شعبہ جات کی کارکردگی کا جائزہ لیا

راولپنڈی۔24اگست (اے پی پی):پنجاب فوڈ اتھارٹی میں بطور ڈائریکٹر آپریشنز نارتھ چارج سنبھالنے کے بعد اعجاز احمد نے پی ایف اے راولپنڈی کے دفتر کا تفصیلی دورہ کیا جہاں انہوں نے آپریشنز، پبلک ریلیشنز، لائسنسنگ، ٹریننگ اور میڈیکل سکریننگ ونگ سمیت مختلف شعبہ جات کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر تمام ونگز کے سربراہان نے ڈائریکٹر آپریشنز نارتھ کو اپنے متعلقہ شعبہ جات کی کارکردگی اور ورکنگ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ اعجاز احمد نے مختلف ونگز کی کارکردگی اور انتظامات کو سراہتے ہوئے افسران و عملے کو محنت، لگن اور ذمہ داری کے ساتھ فرائض جاری رکھنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ ملاوٹ مافیا کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد جاری رکھا جائے گا اور انسانی صحت سے کھیلنے والوں سے کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کو ملاوٹ مافیا سے پاک کرنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے اور عوام کو معیاری و محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنانا اولین ترجیحات میں شامل ہے۔