آئی جی پنجاب کی زیرصدارت اجلاس،ریجنز اور اضلاع میں گزشتہ تین ماہ کے دوران جرائم کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا گیا

آئی جی پنجاب عبدالکریم کی زیرصدارت سنٹرل پولیس آفس میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبہ بھر کے تمام ریجنز اور اضلاع میں گزشتہ تین ماہ کے دوران جرائم کی مجموعی صورتحال کا تقابلی جائزہ لیا گیا۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق آئی جی پنجاب نے بعض اضلاع میں خواتین اور بچوں کے خلاف جنسی جرائم میں اضافے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی کے ویژن کے …

لاہور۔24اگست (اے پی پی):آئی جی پنجاب عبدالکریم کی زیرصدارت سنٹرل پولیس آفس میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبہ بھر کے تمام ریجنز اور اضلاع میں گزشتہ تین ماہ کے دوران جرائم کی مجموعی صورتحال کا تقابلی جائزہ لیا گیا۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق آئی جی پنجاب نے بعض اضلاع میں خواتین اور بچوں کے خلاف جنسی جرائم میں اضافے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی کے ویژن کے تحت خواتین اور بچوں سے زیادتی اور اغوا کے واقعات پر زیرو ٹالرنس پالیسی ہے۔

آئی جی پنجاب نے ڈی پی اوز کو ڈکیتی، چوری، نقب زنی سمیت دیگر جرائم کے تدارک کے لیے مزید محنت اور موثر اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کرائم کے حوالے سے کارکردگی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر کی جائے گی اور ہفتہ وار جائزہ اجلاس منعقد ہوگا۔انہوں نے ہدایت کی کہ ڈی پی اوز متحرک ہوں، سپرویژن بہتر بنائیں اور ایس ایچ اوز و ڈی ایس پیز کی کارکردگی کی موثر نگرانی کریں۔ ڈی پی اوز تھانوں کی کارکردگی کا باقاعدگی سے جائزہ لیں اور سنگین جرائم کے واقعات میں خود جائے وقوعہ پر پہنچیں۔

آئی جی پنجاب نے زیرحراست ملزمان کے حوالے سے ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا کہ زیرحراست ملزمان کے فرار پر سخت محکمانہ کارروائی ہوگی اور ڈی پی او سمیت متعلقہ افسران ذمہ دار ہوں گے۔اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی، ایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشن، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز، ڈی آئی جی مانیٹرنگ، ڈی آئی جی آپریشنز، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن اور اے آئی جیز سمیت سینئر افسران نے شرکت کی، جبکہ ایڈیشنل آئی جی ساتھ پنجاب، سی سی پی او لاہور، آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز نے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔