جاپان میں منعقد ہونے والے 20 ویں ایشین گیمز 2026 کی بھرپور تیاریوں کے سلسلے میں پاکستان ایتھلیٹکس ٹیم کا تربیتی کیمپ جناح سٹیڈیم اسلام آباد میں جاری ہے
پاکستان ایتھلیٹکس ٹیم کا تربیتی کیمپ جناح سٹیڈیم اسلام آباد میں جاری

مزید خبریں
اسلام آباد۔24اگست (اے پی پی):جاپان میں منعقد ہونے والے 20 ویں ایشین گیمز 2026 کی بھرپور تیاریوں کے سلسلے میں پاکستان ایتھلیٹکس ٹیم کا تربیتی کیمپ جناح سٹیڈیم اسلام آباد میں جاری ہے۔ایتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان (اے ایف پی) کے صدر بریگیڈیئر (ر) وجاہت حسین، ایس آئی (ایم) نے تربیتی کیمپ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کیمپ میں موجود ایتھلیٹس اور کوچز سے ملاقات کی اور جاری ٹریننگ، تکنیکی تیاریوں اور کارکردگی کی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔
اس وقت جناح سٹیڈیم میں پاک فوج، پاک بحریہ اور واپڈا سے تعلق رکھنے والے 4 مرد اور 2 خواتین ایتھلیٹس کوچز کی زیر نگرانی سخت مشقیں کر رہے ہیں۔کھلاڑیوں کی خوراک اور فٹنس کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے صدر اے ایف پی نے کیمپ میں شریک تمام ایتھلیٹس کے لیے روزانہ 4 اضافی ڈیلی الائونسز (ڈی ایز) کے برابر خصوصی نیوٹریشن الائونس کی منظوری دی جو کیمپ کے پورے دورانیے کے دوران تمام شرکا کو فراہم کیا جائے گا۔فیڈریشن کے مطابق یہ تربیتی کیمپ 15 ستمبر 2026ء تک جناح سٹیڈیم میں جاری رہے گا جس کے اختتام پر قومی ایتھلیٹکس دستہ ایشین گیمز میں پاکستان کی نمائندگی کے لیے جاپان روانہ ہوگا۔








