اسسٹنٹ کمشنر و ایڈمنسٹریٹر حضرو ڈاکٹر عمران رفیق کی نگرانی میں میونسپل کمیٹی حضرو کے زیرِ اہتمام سیرت النبی ﷺ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ۔
میونسپل کمیٹی حضرو کے زیرِ اہتمام سیرت النبی ﷺکانفرنس کا انعقاد

مزید خبریں
حضرو ۔ 25اگست (اے پی پی):اسسٹنٹ کمشنر و ایڈمنسٹریٹر حضرو ڈاکٹر عمران رفیق کی نگرانی میں میونسپل کمیٹی حضرو کے زیرِ اہتمام سیرت النبی ﷺ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ۔
کانفرنس میں مرکزی میلاد کمیٹی حضرو کے صدر، عہدیداران و اراکین سمیت علاقہ بھر سے عوام نے بھرپور شرکت کی۔ اس روح پرور محفل میں علاقہ بھر سے تشریف لانے والے ممتاز نعت خواں حضرات اور علمائے کرام نے شرکت کی اور بارگاہِ رسالت مآب حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ میں عقیدت و محبت کے پھول نچھاور کرتے ہوئے نعتِ رسولِ مقبول ﷺ پیش کی۔اس موقع پر مولانا ناصر خان صاحب نے سیرتِ طیبہ ﷺ کے مختلف پہلوؤں پر نہایت جامع اور ایمان افروز بیان کیا اور حضور اکرم ﷺ کی حیاتِ مبارکہ، اخلاقِ حسنہ اور تعلیماتِ عالیہ کو مشعلِ راہ بنانے کی تلقین کی۔کانفرنس کے اختتام پر اسسٹنٹ کمشنر و ایڈمنسٹریٹر حضرو ڈاکٹر عمران رفیق نے کانفرنس میں خصوصی طور پر شرکت کرنے والے تمام نعت خواں حضرات، علمائے کرام اور مرکزی میلاد کمیٹی کے عہدیداران و اراکین کی خدمات اور کاوشوں کو سراہتے ہوئے انہیں یادگاری شیلڈز پیش کیں۔








