قومی اسمبلی نے عید میلاد النبیﷺ کو شایان شان طریقے سے منانے اور نبی اکرم ﷺ کی سنت و سیرت کے فروغ کے عزم کی حامل قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی۔
قومی اسمبلی میں عید میلاد النبیﷺ کو شایان شان طریقے سے منانے کی حامل قرارداد متفقہ طور پر منظور

مزید خبریں
اسلام آباد۔25اگست (اے پی پی):قومی اسمبلی نے عید میلاد النبیﷺ کو شایان شان طریقے سے منانے اور نبی اکرم ﷺ کی سنت و سیرت کے فروغ کے عزم کی حامل قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی۔ منگل کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں معمول کی کارروائی معطل کر کے یہ قرارداد وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے پیش کی جس کی ایوان نے متفقہ طور پر منظوری دے دی۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان 1500 ویں میلاد النبی ﷺ کی تاریخی اہمیت کے پیش نظر یہ قرارداد پیش کرتا ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں اس موقع کو اعلیٰ سطح پر ،قومی پروگرامز،میلاد النبیﷺ کی محافل، میڈیا مہمات، فلاحی اقدامات ، سرکاری اور نیم سرکاری عمارتوں اور شاہراہوں کو چراغاں اور سجاوٹ کے ذریعے منائیں۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ تمام سرکاری اور نجی ادارے بشمول تعلیمی اور کاروباری ادارے، میڈیا ہائوس بھرپور شرکت کرتے ہوئے حضرت محمد ﷺ کی تعلیمات کے مطابق امن ، رواداری اور اخوت کو فروغ دیں۔ قرارداد میں کہا گیا کہ یہ ایوان حضرت محمد ﷺ کی سنت و سیرت کے فروغ کا عزم کرتا ہے اور پوری قوم سے اپیل کرتا ہے کہ وہ اس بابرکت موقع کو نہایت عقیدت ، احترام اور اتحاد کے ساتھ منائے۔







